پیاز خون کی شریانوں سے فالتو کولیسٹرول کو تحلیل کرنے میں مدد دیتی ہے, ماہرین

پیاز ایک ایسی ترکاری ہے جو پکوان کی ضرورت اور ذائقے کے علاوہ مختلف امراض اور تکالیف سے نجات دلانے کے لیے بھی استعمال کی جاتی ہے۔طبی محققین کے مطابق یہ خون کی شریانوں سے فالتو کولیسٹرول کو تحلیل کرنے میں مدد دیتی ہے اور اس طرح دل کے امراض سے بچانے میں معاون ہے۔ پیاز کی اہمیت اور افادیت کے پیشِ نظر جدید سائنس اور طبی ماہرین اسے خوراک میں شامل رکھنے پر زور دیتے ہیں۔یہ سبزی نظامِ ہضم کی رطوبتوں میں اضافہ کر کے بھوک بڑھانے میں مددگار ثٓابت ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ہاضم ہونے کے ساتھ ساتھ دافعِ بلغم بھی ہے۔ نزلہ زکام، ہیضے جیسے امراض میں مفید ثابت ہے۔طبی ماہرین کے مطابق پیاز سے خون کی کمی دور کی جاسکتی ہے۔ اس سبزی کی مخصوص مقدار میں نشاستہ، کیلشیم، فاسفورس کے علاوہ وٹامن بی اور سی کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔زراعت کے ماہرین پیاز کی پیداوار کے حوالے سے بتاتے ہیں کہ چین وہ ملک ہے جہاں سب سے زیادہ پیاز اگائی جاتی ہے جب کہ پاکستان اس کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا بھر میں پانچویں نمبر پر ہے، لیکن فی ایکڑ پیداوار کے لحاظ سے دیکھیں تو یہ کافی ملکوں سے پیچھے ہے۔ پیاز کی زیادہ کاشت کے لیے ہمارے ملک میں ملتان، بہاولپور اور لیہ مشہورر ہیں۔ اس کی مختلف اقسام میں پھلکارہ، دیسی سرخ اور دیسی سفید، سوات، ریڈ بیوٹی اور روزیٹا شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن