پاکستان کےعوام کاتحفظ اورسلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے:ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

اطلاعات و نشریات کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کا تحفظ اور سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ آج متعدد ٹویٹس میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام وفاقی سرکاری اداروں اور ملازمین کیلئے 15 روز کیلئے احکامات جاری کئے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اہم ذمہ داریوں پر تعینات افسر اور عملہ دفاتر میں اپنی موجودگی یقینی بنائے گا جبکہ 50 سال سے زائد عمر کے تمام ملازمین کو اپنے گھروں میں بیٹھ کر کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نزلہ زکام یا کسی دوسری بیماری میں مبتلا ملازمین بھی گھر بیٹھ کر اپنی خدمات انجام دیں گے۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ دفاتر میں ڈے کیئر مراکز بند کردیے جائیں گے اور شیرخواربچوں والی خواتین کو اپنے گھروں سے کام کرنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خدمات عامہ کی فراہمی کے تمام دفاتر بند کردیے جائیں گے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ایکسائز اور ٹیکسیشن ،جائیداد کی خریدوفروخت ،حجام کی دکانیں اور بیوٹی پارلرز بھی پندرہ دن کیلئے بند کردیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خریداری مراکز رات دس بجے بند ہوں گے تاہم ریستوران ،ہوٹل اور دستی غذائی اشیا فراہم کرنے والی دکانیں کھلی رہیں گی۔معاون خصوصی نے کہا کہ نادرا،پاسپورٹ اور امیگریشن ، سی ڈی اے سمیت دیگر سیکشنز کے ون ونڈ آپریشنز بھی دو ہفتوں کیلئے بندکردیے گئے ہیں جو خدمات کی فراہمی کیلئے عوام سے براہ راست رابطے میں ہوتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن