لاہور(نامہ نگار )پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر سردار لطیف اکبر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو گلگت بلتستان کی تاریخ نہیں دھرانے دے گی۔پیپلز پارٹی انتخابات میں کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔ ہوا کا رخ تبدیل ہو چکا ہے،کشمیری پی ٹی آئی کو آزاد کشمیر میں گلگت بلتستان کی تاریخ نہیں دھرانے دیں گے اور نہ دھاندلی کرنے دیں گے۔ہم 4اپریل کو بھٹو کی برسی میں بھرپور شرکت کریںگے۔آزاد کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں میں بسنے والے کشمیری تقریب میں آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے دفتر ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر احسن، صدر اسلم گل اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔سردار لطیف اکبر نے کہا کہ تحریک کشمیر کے لئے صرف بھٹو نے آواز اٹھائی اور ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے کا اعلان کیا۔