کراچی(نیوز رپورٹر)حکومت بلوچستان اور چائلڈ لائف فائونڈیشن کے درمیان بلوچستان کے تمام ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں ٹیلی میڈیسن سیٹلائٹ سینٹرز کے قیام کے لیے اشتراک عمل کا معاہدہ طے پاگیا ہے جن کے زریعے بلوچستان میں سالانہ 20 لاکھ بچوں کو اعلی معیار کی پیلتھ ایمرجنسی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ بلوچستان کابینہ سے منظوری کے بعد بلوچستان کے معاہدے پر سیکرٹری ہیلتھ نورالحق بلوچ اور چائلڈ لائف فائونڈیشن کے سی ای او احسن ربانی نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت 2021 کے اواخر میں بلوچستان کے 32 ڈسٹرکٹس میں جدید کمیونی کیشن سہولتوں سے لیس ٹیلی میڈیسن سیٹلائٹ سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ یہ مراکز مقامی ہیلتھ پروفیشنلز کو چائلڈ لائف فائونڈیشن کے نیٹ ورک سے وابستہ سینئر طبی ماہرین سے منسلک کرے گا۔ چائلڈ لائف فائونڈیشن کے ٹیلی میڈیسن سیٹلائٹ مراکز بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے مریضوں کے لیے طبی مشاورت، مریضوں کے ورچوئل معائنہ،سسٹم کی نگرانی، مریضوں کی نگہداشت کی سہولت فراہم کریں گے۔ ٹیلی میڈیسن سیٹلائٹ مراکز میں تعینات طبی عملہ اور نرسوں کے زریعے مریضوں کو ادویات دینے کا عمل بھی سینئر ڈاکٹروں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔اس اہم پیش رفت پر اظہار خیال کرتے ہوئے چائلڈ لائف فائونڈیشن کے سی ای او احسن ربانی نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن سیٹلائٹ مراکز کے زریعے بچوں کو طبی ایمرجنسی کی صورت میں عالمی معیار کے علاج معالجے کی سہولت سے بلوچستان میں بچوں کی شرح اموات میں نمایاں کمی لانے میں مدد ملیگی۔ حکومت کی معاونت سے ایک سال قبل سول ہسپتال کوئٹہ میں قائم ہونے والا ایمرجنسی روم ان ٹیلی میڈیسن سیٹلائٹ مراکز کو سپورٹ فراہم کرے گا۔ بلوچستان حکومت کے ساتھ اشتراک عمل سے صوبے کے 32 ڈسٹرکٹس میں ٹیلی میڈیسن سیٹلائٹ مراکز کے زریعے بچوں کے لیے عالمی معیار کی پیلتھ ایمرجنسی خدمات کی فراہمی چائلڈ لائف فائونڈیشن کے لیے ایک اور اہم سنگ میل ہے جو چائلڈ لائف فائونڈیشن کے زریعے اعلی معیار کی ایمرجنسی طبی سہولتوں تک رسائی فراہم کرنے زیادہ سے زیادہ بچوں کی جانیں بچانے کا زریعہ بنے گا۔ چائلڈ لائف فائونڈیشن کے تحت بچوں کی ایمرجنسی کی سہولت ہفتہ میں سات روز چوبیس گھنٹے فراہم کی جاتی ہے۔ سندھ اور بلوچستان حکومت کے اشتراک سے چائلڈ لائف فائونڈیشن نے 10 سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں اور 32 ٹیلی میڈیسن سیٹلائٹ مراکز میں بچوں کی ایمرجنسی قائم کی ہے جو بچوں کی جانیں بچانے کے لیے بلاتوقف خدمات فراہم کررہی ہیں۔
بلوچستان میں ٹیلی میڈیسن سٹیلائٹ سینٹرز کا قیام، چائلڈ لائف فائونڈیشن اور صوبائی حکومت میں معاہدہ
Mar 20, 2021