کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیو کراچی میں گزشتہ روز ہونیوالے پر اسرار دھماکے میں 3 افرا د جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے تھے جبکہ درجن سے زائد دکانوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ اس اندوہناک حادثے کا دکھ کم نہ ہوا تھا کہ دکانداروں نے نالے پر تجاوزات پھر سے قائم کرنا شروع کردیں۔ تفصیلات کے مطابق نیوکراچی بشیر چوک بلاک 147/13 کے سامنے پراسرار دھماکے کے بعد نالے پر تجاوزات دوبارہ قائم ہونا شروع ہوگئیں جبکہ نیوکراچی ٹائون کا عملہ ڈپٹی ڈائریکٹر یونس کے ہمراہ گجرنالہ پر تجاوزات ہٹانے کے سلسلے میں تیزی سے آپریشن میں مصروف ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے متعدددکانداروں نے نالے کے اوپر تعمیرات شروع کردی اور نالے کو سیمنٹ کے ذریعے دوبارہ پکا کرکے نالے سے گیس اخراج کا کوئی راستہ نہیں چھوڑا۔ علاقہ مکینوں نے نمائندہ نوائے وقت کو بتایا کہ دھماکے کی شدت اس نوعیت کی تھی کہ موٹر سائیکل فضاء میں اڑکر ایک شخص کی ہلاکت کا سبب بنی جبکہ درجن سے زائد دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ علاقہ مکینوں نے کہا کہ دکاندار نالہ بند کرکے سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی دھجیاں اڑا رہے ہیں ۔انہوں نے میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی ‘ سینئر ڈائریکٹر کو آرڈی نیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر صدیقی، اسسٹنٹ کمشنر نیوکراچی نعیم سومرو‘ ڈپٹی ڈائریکٹر نارتھ کراچی یونس سے پرزور اپیل کی ہے کہ حادثے کی جگہ قائم نالے پر تجاوزات منہدم کی جائیں تاکہ دوبارہ کوئی ناگہانی حادثہ رونما نہ ہو۔