تھرکول کے ماحولیاتی پہلو کا تحفظ اولین ترجیح ہے،امتیاز احمد شیخ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ تھر کول پاور پراجیکٹ کے ماحولیاتی پہلو کا تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تھر کول پاور پراجیکٹ کو ترقی دینی ہے لیکن ساتھ ساتھ اس منصوبے کو ماحولیاتی حوالے سے بھی محفوظ رکھنا اور منصوبے کو ماحول دوست بناتے ہوئے آگے بڑھنا ہییہ بات وزیر توانائی سندھ نے آج تھر کول پاور پراجیکٹ کے بلاک ون اور بلاک ٹو میں کام کرنے والی کمپنیوں کے افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈی جی سیپا نے تھر کول پاور پراجیکٹ کے حوالے سے اپنی بریفنگ میں کہا کہ منصوبے کے ماحولیاتی جائزے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے ابو الفضل رضوی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دنیا میں اس وقت بھی 36 فیصد توانائی کے حصول کا ذریعہ کوئلہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی ماحولیاتی پروٹوکول کی 100 فیصد تعمیل کررہی ہے اور اس کی ماہانہ رپورٹ محکمہ ماحولیات کو بھیجی جاتی ہے۔کمپنی نے تھر میں اب تک ساڑھے آٹھ لاکھ درخت لگائے ہیں جبکہ اس سال ڈیڑھ لاکھ درخت مزید لگائے جائیں گے۔وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ تھر کول منصوبہ سندھ حکومت کا پرائم منصوبہ ہے اور سیکمک میں 54 فیصد سے زائد سندھ حکومت کا حصہ ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن