لاہور(سپورٹس رپورٹر )آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل پر بھارتی کرکٹ بورڈنے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم، میڈیا اور فینز کیلئے بھارت آمد پر کوئی بھی مشکلات نہیں ہوں گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی کو خط لکھا تھا۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے اب آئی سی سی کو خط لکھ کر یقین دہانی کرائی ہے کہ اکتوبر نومبر میں پاکستان سے آنیوالے فینز، میڈیا پرسنز اور ٹیم اور اس سے جڑی تمام مینجمنٹ کو ہر طرح کی سہولیات کیساتھ ویزا جاری کردیا جائیگا۔پاکستان بورڈ کے تحفظات پر 31 مارچ اور یکم اپریل کو آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ پر بھی بات کی جائیگی۔پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ سیریز 2012 ء سے سیاسی وجوہات کی بنا پر کھیلی نہیں جارہی، آخری بار پاکستان ٹیم نے 2016 ء میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کیلئے بھارت کا دورہ کیا تھا۔