قابض جوج کا مختلف علاقوں میں کریک ڈائون، شیلنگ، کئی گرفتار، متعدد زخمی

Mar 20, 2021

 سرینگر (کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے مزید شمالی و جنوبی علاقوں کا محاصرہ کرکے کریک ڈاون شروع کردیا ہے ، کئی افراد کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے ،جمعہ کو کئی مقامات پر کشمیریوں نے احتجاجی مظاہرے  کئے جبکہ مظاہر ین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ سے کئی افراد زخمی ہوئے ،ویری ناگ میں1ماہ سے لاپتہ شہری جبکہ جموں میں پویس اہلکار کی پراسرار حالت میں لاش برآمد کی گئی ، ،کے پی آئی کے مطابق بھارتی فوج نے شمال و جنوبی  کشمیر کے مزید علاقوں کا محاصرہ کرکے کریک ڈاون شروع کردیا ہے،شوپیان اور ترال میں 5دیہات کا محاصرہ کر کے تلاشیاں لیں گئیں۔ گذشتہ شام راولپورہ اور دچھی پورہ شوپیان کے درمیان واقع پہل ناڑ نامی بستی کا قابض فوج کی34 آر آر، 14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے محاصرہ کیا اور فوری طور پر روشنیوں کا انتظام کر کے شبانہ تلاشیوں کا سلسلہ شروع کیا۔رات کے 12بجے یہاں محاصرہ ہٹایا گیا جب بستی میں حریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں اطلاع غلط ثابت ہوئی۔ راولپورہ میںدو روز قبل ہی تین دن تک آپریشن کیا گیا تھا ، جس میں ایک حریت پسندکمانڈر سمیت دو حریت پسند شہید ہوئے تھے۔ان میں کمانڈر سجاد افغانی مذکورہ گائوں اور جہانگیر احمد وانی ناڑ پورہ زوورہ کا تھا۔ ناڑ پورہ زوورہ کا   صبح62آر آر، 14 بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی۔کئی گھنٹوں تک آپریشن جاری رہا لیکن بعد میں ختم کیا گیا۔  صبح ہی نولئے پوشواری شوپیان نامی گائوں کا44آر آر ، 178 بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے خصوصی دستوں نے محاصرے میں لیا اور ناکہ بندی کر کے جنگجو مخالف آپریشن کا آغاز کیا۔ لیکن کئی گھنٹوں تک تلاشی کارروائی کے بعد محاصرہ ہٹایا گیا۔ادھر بھارتی فوج کی  42آر آر،سی آر پی ایف اور ایس او جی نے مشترکہ طور پرترال قصبے سے دو کلو میٹر دور آری گام اور قائم پورہ امیرآباد کا محاصرہ کیا جس کے دوران فورسز کی بھاری نفری کو داخلی اور خارجی راستوں پر بٹھا دیا گیا اور خانہ تلاشیاں شروع کی گئیں۔علاوہ ازیںویری ناگ میں پولیس نے جنگلاتی علاقہ سے ایک لاپتہ شہری کی لاش بر آمد کی ہے۔رین چوگنڈ علاقہ میں مقامی لوگوں نے ایک شخص کی لاش نزدیکی جنگل میں پائی۔اس بیچ پولیس کو مطلع کیا گیا جنہوں نے لاش کو تحویل میں لے لیا۔ لاش کی شناخت 64 سالہ محمد اسماعیل سیال ولد کالو سیال ساکنہ پرتاپ پورہ چوگام قاضی گنڈ کے بطور ہوئی ہے۔مذکورہ شخص 16 فروری 2021 سے لاپتہ تھا۔اہل خانہ نے گمشدگی کے حوالے سے پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں کیس درج کیا تھا۔پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی لوازمات کے بعد ورثا کے حوالے کی ۔  ضلع ڈوڈہ میں ایک بھارتی پولیس اہلکار کی پر اسرار حالت میں لاش برآمد ہوئی ہے۔  پولیس اہلکار کی شناخت روی بھوشن کے طور پر ہوئی ہے ۔ بھارتی پولیس نے کہا ہے کہ متوفی اہلکار ایک پولیس افسر کے ہمراہ تعینات تھا۔بھارت کی مودی سرکارنے دعوی کیا ہے کہ کسی بیرونی شخص نے جموں وکشمیر میں کوئی اراضی نہیں خریدی ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ نے پارلیمانی پینل کو بتایا کہ نئے اراضی قوانین کے تحت کسی بھی بیرونی شخص نے جموں و کشمیر میں اراضی نہیں خریدی۔ بھارتی وزارت داخلہ نے پارلیمانی پینل کو مزیدبتایا کہ چونکہ صنعتی اراضی الاٹمنٹ کی پالیسی تشکیل دی جارہی ہے ،اس لئے ابھی تک اراضی کی الاٹمنٹ شروع نہیں ہوئی ہے۔ایک میڈیارپورٹ کے مطابق مودی سرکارنے کہاکہ دفعہ370کی منسوخی کے ڈیڑھ سال اورپانچ ماہ پہلے جموں وکشمیر میں نئے اراضی قوانین لاگوکئے گئے ہیں ،لیکن اب تک کسی بھی بیرونی شخص نے مرکزی خطے میں زمین نہیں خریدی۔بھارتی  وزارت داخلہ نے دعوی کیا کہ جموں و کشمیر میں 23,152.17کروڑ روپے کی بیرونی سرمایہ کاری کے 456 معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔اخبارہندو کی خبر کے مطابق ، مرکزی وزارت داخلہ نے بتایا کہ لینڈ بینک کے تحت 6000 ایکڑ اراضی کو صنعتوں کیلئے تیار کیا جارہا ہے ، جس میں سے3000 ایکڑ اراضی کی نشاندہی پہلے ہی ہوچکی ہے۔

مزیدخبریں