جنرل باجوہ سے بحرینی، سری لنکن کمانڈرز کی ملاقات، امن کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہا

Mar 20, 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ  محمد بن عیسیٰ  الخلیفہ نے بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے  جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ دریں اثنا سری لنکا آرمی کے  چیف آف ڈیفنس سٹاف اور کمانڈر جنرل ایل ایچ سی سیلوا نے بھی جی ایچ کیو میں بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے الگ سے ملاقات کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ اور شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ کے درمیان ملاقات میں ہاہمی دلچسپی کے  امور کے علاوہ افغان امن کے عمل اور علاقائی سکیورٹی اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدمات پر بات چیت کی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ مضبوط  سفارتی، معاشی، دفاعی تعلقات کی قدر کرتا ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون میں اضافہ اور خطے میں امن اور سکیورٹی کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ جنرل شیخ محمد بن عیسی الخلیفہ نے علاقائی امن و سلامتی میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ سری لنکا کے  چیف آف ڈیفنس سٹاف نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، فوجی تعاون میں اضافہ کے  تناظر میںعلاقائی سکیورٹی کے ایشوز پر بات چیت کی گئی۔ سری لنکا کے  چیف آف ڈیفنس سٹاف نے افغان امن کے عمل اور خطے میں امن و سلامتی میں پاکستان کی مسلسل کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے دونوں ممالک میں دو طرفہ تعلقات میں اضافے کا عزم ظاہر کیا۔ جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

مزیدخبریں