وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وزیرا عظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرایک پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ اللہ تعالی وزیر اعظم عمران خان کو صحت کاملہ عطا فرمائے، پوری قوم کی دعائیں ا ن کے ساتھ ہیں۔ انشااللہ عمران خان جلد صحت یاب ہوں گے۔علاوہ ازیں ایک نجی ٹی وی خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ میری وزیر اعظم عمران خان سے بات نہیں ہوئی مجھے کسی سے پتا چلا کہ وزیر اعظم کورونا کا شکار ہوگئے ہیں، میں بھی کل اتوار کو اپنا ٹیسٹ کرواوں گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا ایک حقیقت ہے اس لئے لاپرواہی نہ کریںاور ایس او پیز کا خیال رکھنا چاہئے۔شیخ رشید کا کہناتھا کہ کورونا سے صحت یاب ہوئے چھ مہینے ہو گئے ہیں لیکن سیڑھیاں چڑھنے میں مشکل ہوتی ہے ، سوچ رہاہوں کہ میں بھی کورونا ویکسین لگوا لوں کیونکہ لو گ کہتے تھے کہ کورونا دوبارہ نہیں ہوتا لیکن میں نے دیکھا کہ میرے دو تین جاننے والوں کو دوبارہ ہو گیاہے۔