اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے منحرف اراکین میں سے ایک کے بھائی نے کال کرکے بتایا کہ ہمارا بھائی سندھ ہاوس میں قید ہے، اسے وہاں سے چھڑائیں، انہوں نے وہاں پر بندشیں لگائی ہوئی ہیں۔وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ منحرف ہونے والے 7 اراکین ہمارے پاس واپس آگئے ہیں اور اتحادیوں سے بھی ہمیں امید ہے کہ ان کا بھی فیصلہ چند دن یا 24 گھنٹوں میں ہی آجائے گا۔فواد حسین نے کہا ہے کہ شطرنج بھی ہمارے پاس، چالیں اور مستقبل بھی ہمارے پاس ہیں، یہ لوگ بادشاہ کو گرانے نکلے تھے لیکن انہیں پتہ نہیں تھا کہ راستے میں کتنی مشکلات آئیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین کو ہوش آگیا ہے اور انہیں لگ پتہ گیا ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی عوام میں کتنے مقبول ہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا بجلی کی قیمت میں پانچ روپے کمی کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضمیر فروشوں کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں، ہم نے انہیں سات دن دیئے ہیں وہ واپس آ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو شہباز شریف کے ساتھ بیٹھے ہیں، مذاکرات ہو رہے ہیں کہ پیٹ پھاڑ کر ہم نے پیسے کیسے واپس لینے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی قوم پر فخر ہے، قوم نے ثابت کیا ہے کہ یہ 1989 یا 1990 کی دہائی نہیں ہے، یہاں برے کو برا کہنے والے لوگ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پرامن احتجاج ہمارا حق ہے لیکن اس احتجاج میں تشدد نہیں ہونا چاہئے۔ فواد حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کو دھوکہ دینے والا بے آبرو ہوگا، اس کی ٹکے کی عزت نہیں رہے گی، ناراض ارکان کے لئے واپسی کے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توبہ کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے، ہم یہ نہیں کہتے کہ یہ لوگ لازما عمران خان کو ووٹ دیں، ہمارا کہنا ہے کہ یہ پہلے مستعفی ہوں، پھر اپنے حلقوں میں جا کر الیکشن لڑیں اور جیت کر آئیں اور پھر جسے چاہے ووٹ دیں لیکن ایسا نہیں ہو سکتا کہ یہ لوگ عمران خان کے نام پر اور پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن جیتیں اور اس کے بعد لوٹے بن جائیں اور پیسے لے کر اپنے آپ کو بیچنا شروع کر دیں۔
7منحرف واپس آگئے، باقی 7دن میں آسکتے ، توبہ کا راستہ کھلا ہے: فواد
Mar 20, 2022