پاکستان نے بھارت کو ہرا کر بلائنڈ کرکٹ سیریز  جیت لی ‘وہیل چیئر ٹینس میں بھی شکست دیدی 

Mar 20, 2022

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو 58رنز سے شکست دے کر تین ملکی بلائنڈ کرکٹ سیریز جیت لی ۔ شارجہ میں کھیلے گئے سہ ملکی بلائنڈ ٹی ٹونٹی سیریز کے فائنل میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے 3وکٹوں پر 216رنز بنائے۔ نثار علی 69 اور بدر منیر نے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔بھارتی ٹیم 9وکٹوںپر 158رنز بناسکی ۔سنیل رمیش 91 رنز بناکر نمایاں رہے، بدر منیر نے 21 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، محمد شاہ زیب اور شاہ زیب حیدر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فائنل جیتنے پر کھلاڑیوں نے سٹیڈیم میں جشن منایااور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ پاکستان ویل چیئر ٹینس ٹیم نے انطالیہ ترکی میں بی این پی پریباس آئی ٹی ایف ویل چیئر ٹینس کوالیفائر کپ میں بھارت کو 2-1 سے شکست دیکر تاریخ رقم کردی۔ یہ 73 سال میں پاکستان ویل چیئر ٹینس ٹیم کا پہلا بین الاقوامی مقابلہ تھا۔پاکستان کے فدا حسین پہلے سنگلز مقابلے میں کوئی گیم نہ جیت سکے لیکن پاکستان کے آصف عباسی نے اپنے بھارتی حریف کو چھ صفر سے شکست دیکر حساب برابر کردیا، سنگل کے بعد ڈبلز میں بھی دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا اور بالاآخر پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو سپر ٹائی بریک میں شکست سے دوچار کیا دونوں ٹیموں کے درمیان ڈبلز مقابلہ دو گھنٹے تک جاری رہا پاکستان کو اب اگلے مرحلے میں ملائیشیا کیخلاف مقابلہ کرنا ہے، نتائج کے مطابق سنگلز میں پاکستان کے فدا حسین صفر چھ اور صفر چھ سے ہارے، پاکستان کے آصف عباسی نے ستیاسیوم کو چھ صفر اور چھ صفر سے شکست دی، ڈبلز میں پاکستان کی جوڑی آصف عباسی اور فدا حسین نے بھارتی جوڑی کارتیک اور ماری پان کو چار چھ، سات پانچ اور دس تین سے شکست دی۔

مزیدخبریں