اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے 13 منحرف ارکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا پاکستان تحریک انصاف نے اپنے 13 ارکان قومی اسمبلی کو اظہارِ وجوہ کے نوٹسز جاری کر دیئے ۔ مرکزی سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر کی جانب سے ہر منحرف رکن کو الگ الگ نوٹس بھجوایا گیا ہے نوٹس میں 26 مارچ تک پارلیمانی رہنما عمران خان کے روبرو پیش ہوکر اپنی وضاحت پیش کرنے کا موقع دیاگیا ان ارکان میں رمیش کمار، وجیہہ قمر، سردار ریاض محمود مزاری ، عامر طلال گوپانگ، سید باسط احمد سلطان، عبدالغفار وٹو، افضل خان ڈھانڈلہ، رانا محمد قاسم نون، احمد حسین دیہڑ، راجہ ریاض احمد، نواب شیر وسیر، نزہت پٹھان اور نور عالم خان شامل ہیں جاری نوٹس میں کہا گیا ہے ذرائع ابلاغ پر آپ کی جماعت سے علیٰحدگی کی اطلاعات بڑے پیمانے پر زیرِ گردش ہیں ۔ان کے مطابق آپ حزب اختلاف کا حصہ بن چکے ہیں، حزب اختلاف کی یہ جماعتیں وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لاچکی ہیں آپکی جانب سے خود سے منسوب ان اطلاعات کی تردید کی گئی نہ ہی کوئی وضاحت سامنے آئی، نوٹس کے مطابق دستور کی دفعہ 63-اے آپ کو جماعتی ہدایات پر عمل کرنے کا پابند بناتا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کے سربراہ کے روبرو پیش ہو کر اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے آپ اظہارِ وجوہ کے اس نوٹس کا جواب 26 مارچ دن 2 بجے تک یا اس سے پہلے دیں۔