لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ارکان اسمبلی کی ملاقاتوں کا سلسلہ گزشتہ روز جاری رہا۔ وزیراعلیٰ لطاسب ستی، پیر مختار، محی الدین کھوسہ، سمیع اللہ چوہدری، سید رضا بخاری اور دیگر نے ملاقاتیں کیں۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ عمران خان کی قیادت میں ہر مافیا کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہیں گے۔ شکست خوردہ عناصر کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور اپوزیشن کو پہلے کی طرح اس بار بھی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اپوزیشن کی سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور ملک میں انارکی اورانتشار پیدا کرنے والے شرمندہ ہوں گے۔ اپوزیشن سیاسی افراتفری پیدا کرکے عوام کے روشن مستقبل سے کھیل رہی ہے۔ ترقی کے سفر کو روکنا اپوزیشن کا اولین ایجنڈا ہے اور عوام کی حمایت سے ایسے منفی ایجنڈے کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔ عمران خان نے قوم کو سر اٹھا کر جینا سکھا دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن جتنی مرضی منڈیاں لگا لے، شکست پھر مخالفین کا مقدر ہے۔ اپوزیشن کو کسی سطح پر بھی عوام کا اعتماد حاصل نہیں۔ اپوزیشن کی ہر سازش کی طرح تحریک عدم اعتماد بھی ناکامی سے دوچار ہوگی۔ بزدار حکومت سیاسی محاذ کے ساتھ عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بھی ان ایکشن لے۔ وزیراعلیٰ نے جناح ہسپتال کے نئے ایمرجنسی ٹاور و ٹراما سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ 7ارب75کروڑ روپے کی لاگت سے ایمرجنسی بلاک اورٹراما سینٹر بنایا جائے گااوراس منصوبے کو اگلے سال جون تک مکمل کیا جائے گا۔ لاہور میں 3 نئے ایمرجنسی بلاک و ٹراما سینٹرز بنیں گے اورنئے ایمرجنسی بلاک و ٹراما سینٹرز میں 800 بیڈز کی گنجائش ہوگی-جناح ہسپتال کے بعد سروسز ہسپتال میں بھی نئے ایمرجنسی بلاک کا جلد سنگ بنیاد رکھیں گے۔عثمان بزدارنے کہا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کو مبارکباد دیتا ہوں ۔اس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی، جڑواں شہر وںمیں ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی۔عثمان بزدار نے گجرات ڈنگہ اور اوکاڑہ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔