کراچی ( نیوز رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن کی وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ حکومت‘ اس کی اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے باعث بڑھتی ہوئی سیاسی کشید گی اور تصادم کے ممکنہ خدشات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور طے کیا گیا کہ جماعت اسلامی کے تحت 20مارچ کو ہونے والے ’’حقوق کراچی کارواں‘‘ کو فی الحال موخر کیا جاتا ہے ، آئندہ تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ، اجلاس میں اس امر پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا گیا کہ موجودہ سیاسی بھونچال اور انسانوں کی خرید و فروخت کے شور میں عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔ عوام سے ووٹ لینے والے ایم این ایز اور ایم پی ایز چوکوں اور چوراہوں پر اپنی بولیاں لگوا لر عوامی مینڈیٹ کا سودا کر رہے ہیں ، اس صورتحال کے باعث عوام کے اندر شدید بے چینی و اضطراب اور مایوسی پھیل رہی ہے ، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو عوامی حقوق اور مسائل کے حل کی جدو جہد کر رہی ہے ۔ حقوق کراچی تحریک اور رابطہ عوام مہم جاری رہے گی ،رمضان المبارک میں بھی عوام سے بھر پور رابطہ کیا جائے گا اوروفاقی و صوبائی حکومتوں سے اہل کراچی اپنا حق لے کر رہیں گے ۔