حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) حافظ آباد شہر میں ٹریفک کے بے ہنگم نظام کی وجہ سے شہریوںکو شاہرائوں پر پیدل چلنا بھی محال ہوگیا، گوجرانوالہ روڈ، ونیکے روڈ، کچہری روڈ، ریلوے روڈ، کسوکی روڈ ، پوسٹ آفس روڈ پر ہمہ وقت ٹریفک جام رہنے لگا جس کی وجہ ناخوشگوار واقعات اور حادثات میں بھی اضافہ ہوچکا دوسری جانب اس ٹریفک کے اس بے ہنگم نظام کے باعث سکولوں اور کالجوں سے چھٹی کے وقت طلباء وطالبات کا گھروںکو جانا بھی محال ہوگیا، لیکن ٹریفک پولیس ملازمین مین شاہرائوں پر ٹریفک کو بحال رکھنے کی بجائے فرضی کارکردگی بنانے کے لیے غریب ریڑھی بانوں اور رکشہ والوں کاچالان کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔دریں اثناء کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد اختر نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی سڑک(کولو روڈ) کو فوری طور پر ون وے کیا جائے کیونکہ مذکورہ سڑک پر ہمہ وقت ٹریفک کا رش رہتا ہے ،جس کی وجہ سے یہاں پر ایمبولینس گاڑیوںکو مریضوںکو ہسپتال میں لانے اور لیجانے میں شدید مشکلات کا سامنارہتا ہے اور کئی مریض یہاںپر ٹریفک جام رہنے کے باعث ہسپتال میں بروقت نہ پہنچنے کے باعث خداکو پیارے ہوجاتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ڈی۔ایچ کیو روڈ پر گدھا گاڑی،سبزی منڈی سے آنے جانے والے ٹرکوں اور ہیوی ٹریفک کو بیریئرز لگا کر روکا جائے۔
حافظ آباد میں ٹریفک کا بے ہنگم نظام ،پیدل چلنا بھی محال ہوگیا
Mar 20, 2022