وزیراعظم پی ٹی آئی کے ناراض ارکان کو منالیں گے: اعجاز شاہ


ننکانہ صاحب (نامہ نگار خصوصی) انسداد منشیات کے وفاقی وزیر اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پارٹی کے اندر اختلاف رائے ہر ایک کا حق ہے۔ وزیراعظم پی ٹی آئی کے ناراض ارکان اسمبلی کو منا لیں گے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کو اسلام آباد میں الگ الگ مقامات پر جلسے کرنے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ننکانہ صاحب میں پی ٹی آئی کی ڈسٹرکٹ ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب کے ارکان اسمبلی, پی ٹی آئی کی قیادت اور عوام عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور آخری دم تک ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 27 مارچ کو پی ٹی آخری کے اسلام آباد میں ہونے والے جلسے میں ہزاروں کارکنان شرکت کریں گے۔ جہانگیر ترین اور علیم خان پی ٹی آئی کا حصہ ہیں۔گیلپ سروے میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کارکردگی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر آئے۔ وزیر اعظم نے کسی کو بھی سندھ ہائوس پر قبضے کا نہیں کہا، سندھ ہائوس میں توڑپھوڑ نہیں ہونی چاہئے تھی، ہر شہر میں ہونے والے جلسوں میں لاکھوں لوگ عمران خان پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا حق ہے اس کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔

ای پیپر دی نیشن