ضلع کی تعمیر وترقی کیلئے بھر پور اقدامات جاری ہیں :طالب حسین نکئی 


قصور (نمائندہ نوائے وقت)رکن قومی اسمبلی و چیئر مین ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی سردار طالب حسن نکئی کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز چھانگا مانگا ریسٹ ہائوس میں ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیرتعمیرات ومواصلات سردارآصف نکئی ، صوبائی وزیر بہبود آبادی کرنل (ر) سردار ہاشم ڈوگر، ممبرصوبائی اسمبلی پیرمختاراحمد، ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل، ڈی پی او صہیب اشرف‘تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی،مسز مزمل مسعود بھٹی،راؤ زاہد قیوم، علی جاوید ڈوگر، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، ایس ای واپڈا، ڈسٹرکٹ منیجر پی ایچ ایف ایم سی، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک، ایکسئین پبلک ہیلتھ، ایکسئین ہائی وے، ایکسئین بلڈنگ‘ایری گیشن، سوئی گیس سمیت تمام سرکاری محکموں کے ضلعی سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس کو محکمہ پولیس، ہائی وے،بلڈنگ، ایری گیشن، زراعت، لائیوسٹاک، ہیلتھ، ایجو کیشن، واپڈا، سوئی گیس سمیت دیگر محکموں کی کارکردگی سمیت چھانگا مانگا میں شجرکاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ رکن قومی اسمبلی سردار طالب حسین نکئی نے کہا کہ حکومت عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ حکومت عوام کی سہولت کیلئے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے ضلع کی تعمیر وترقی اور عوام الناس کی فلاح وبہبود کیلئے بھر پور اقدامات جاری ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن