کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور امریکہ کے مابین کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے جسکا نتیجہ ڈالر کے زبردست زوال کی صورت میں نکل سکتا ہے،سعودی عرب امریکہ کی جانب سے اپنے مفادات کی مسلسل خلاف ورزی، اہم مسائل سے لاتعلقی اور اندرونی معاملات میں بڑھتی ہوئی مداخلت سے بے زار ہو چکا ہے اور روس و چین سمیت دیگر ممالک سے سیاسی اقتصادی اور دفاعی تعلقات بہتر بنا رہا ہے، اس وقت سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جنھیں حقیقی حکمران سمجھا جاتا ہے، امریکی صدر سے بات کرنے کو تیار نہیں اور نہ ہی تیل کی قیمت کم کرنے کے لئے اسکی پیداوار بڑھانے پر آمادہ ہیں۔ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے ایک بیان میں کہا کہ اب سعودی عرب اپنا تیل چین کو ڈالر کے بجائے یو آن میں بیچنے پر غور کر رہا ہے جس سے چینی کرنسی اور معیشت مستحکم جبکہ امریکہ اور اسکی عالمی اجارہ داری کو شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے۔
سعودی فیصلوں سے امریکہ کو معاشی نقصان پہنچا،ڈاکٹر مرتضیٰ مغل
Mar 20, 2022