سندھ اریگیشن ڈرینج اتھارٹی کا بورڈاجلاس آج ہوگا

Mar 20, 2022

کراچی(کامرس رپورٹر)سندھ اریگیشن ڈرینج اتھارٹی(سیڈا) کا54واں بورڈ اجلاس 21مارچ کو کراچی میں طلب کرلیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب سیڈا کے ملازمین نے تحفظات کا اظہار کیا ہے کہ بورڈ اجلاس میںمبینہ طور پر متعدد غیر قانونی اقدامات کو تحفظ دیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق سیڈا کے ملازمین نے بورڈ اجلاس کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس میں ادارے میں17تا18گریڈ میں کی گئیں مبینہ غیر قانونی بھرتیوںکو قانونی تحفظ دیا جائیگا ،ملازمین کا کہنا ہے کہ پہلے ہی ادارے میںملازمین کو آدھی تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں،سیڈا کی تنخواہوںکی مد میںموجودہ گرانٹ13 کروڑ روپے ہے جس میں سے سیڈا اپنے عملہ کو تنخواہوںکی مد میں محض2کروڑ روپے ادا کرتا ہے جبکہ باقی ماندہ گرانٹ اعلیٰ فسران کے الاؤنسز،پٹرول اور دیگر مد میںخرچ کردی جاتی ہے ،26سال گذرنے کے باوجود سیڈا کا اپنا بینک اکاؤنٹ موجود نہیں اور اور وہ اریگیشن کے اکاؤنٹ نمبر 0422-1کے تحت اریگیشن انتظامیہ کے ماتحت کام کررہی ہے ،ملازمین کا کہنا ہے کہ سیڈا میں غیر قانونی بھرتیوں ،تقرریوں اور ترقیوںکا سلسلہ جاری ہے اور اس بورڈ اجلاس میں ان تقرریوں اور ترقیوںکی منظوری لے کر انہیں قانونی چھتری فراہم کی جائیگی جو کہ سراسر نا انصافی اور سیڈا کے سینکڑوں ملازمین کی حق تلفی کے مترادف ہوگا۔

مزیدخبریں