اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لئے اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اور اہم شخصیات کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرا خارجہ کونسل کا 48 وں اجلاس 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں ہورہا ہے۔اجلاس میں اسلامی دنیا کے وزرا خارجہ، مندوبین اور دیگر اعلیٰ شخصیات شرکت کریں گی۔مصر کے وزیر خارجہ سامع حسن شکری اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی مصری ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا۔دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی باضابطہ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اجلاس کے ترانے کے اجرا کی تقریب سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ وزرائے خارجہ یوم پاکستان کی پریڈ میں بھی شرکت کریں گے جہاں وہ ہمارے قومی اتحاد کا مظاہرہ، مسلح افواج کی پیشہ ورانہ استعداد اور ہماری ثقافت کے مختلف رنگ دیکھیں گے۔