بیسک ہیلتھ ، رولر ہیلتھ یونٹ میں میرٹ اولین ترجیح ہے:صوبائی وزیر صحت


لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات میں بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ بیسک ہیلتھ یونٹ اور رولر ہیلتھ یونٹ میں شفافیت اور میرٹ اولین ترجیح ہے۔ وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اگر غریب کا بیٹا میرٹ پر پورا اترتا ہے تو سب سے پہلے اسے موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی اینڈ کالج کی گولڈن جوبلی تقریب میںکیا۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹروقار حسن چیمہ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر،پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر جہانگیر سرور کے علاوہ ڈاکٹرز حضرات اور میڈیکل سٹوڈنٹس کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ اسلام میں علم کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے۔باعمل علم اور ریسرچ پر محنت کئی سال کی عبادت سے افضل ہے اور علم والوں کی صحبت اختیار کرنا بڑی کامیابی ہے۔ تقریباً ایک ارب سے زائد میڈیکل کا سامان کوٹ لکھپت جیل میں پڑا خراب ہو رہا تھا اور قیدی علاج معالجہ کیلئے خوار ہو رہے تھے۔ وہ سامان ریلیز کرواکر جیلوں کے حوالے کر دیا ہے۔ پنجاب بھر میں 300 الٹرا ساؤنڈ مشینیں،200 ایمبولینس اور30ایکسرے مشینیں ہسپتالوں میں مہیا کر دی گئی ہیں جس سے علاج معالجہ میں میں مزید بہتری آ ئے گی۔ 

ای پیپر دی نیشن