لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اندھیرے میں روشنی کی کرن یہ ہے کہ عوام پی ٹی آئی ، پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کو پہچان گئی ہے۔ گذشتہ حکمرانوں کی طرح آج بھی حکومت ہر روز کابینہ اجلاس کر رہی ہے لیکن مسائل میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جماعت اسلامی آئے گی تو صیح معنوں میں بلا تفریق سب کا احتساب ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار سراج الحق نے قبائل امن کارواں کے پانچویں دن جلسہ سے باڑہ میں اور بعد ازاں حسن ابدال، و ٹیکسلا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے موجودہ سیاسی منظر نامے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایک ہی روز قومی انتخابات وقت کی ضرورت اور بحرانوں کے حل کا واحد راستہ ہیں۔ پائیدار انتخابات کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہو گا ورنہ الیکشن کے بعد تصادم میں اور اضافہ ہو گا۔ قومی سیاست پر 75برسوں سے جرنیلوں کا قبضہ ہے۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی حکومت بھی وہی لوگ لائے جنہوں نے پی ٹی آئی کو مسلط کیا۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی اتحادی حکومت کی 11ماہ کی کارکردگی صفر ہے۔ پی ٹی آئی نے پونے چار سال بحران در بحران پیدا کیے۔ دونوں جلسوں میں مختلف سیاسی جماعتوں سے سیکڑوں افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔ امیر جماعت نے جماعت اسلامی کا حصہ بننے والے افراد کو مبارک باد دی۔ تمام توانائیاں صرف کرنے کی ہدایات کیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔
سراج الحق