محبت ِ مصطفی ؐکا حصول اللہ کی رضا اورخوشنودی ملنے کی نشانی ہے، حسان حسیب الرحمن 


راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) حضور نبی کریم ؐکے ارفع و اعلیٰ میلاد پاک کے سلسلہ میں کوٹ عبدالمالک شیخوپورہ کے مقام پر ایک عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفی ؐ کا انعقاد کیا گیا ،صدارت دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کی ، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ حضور نبی کریم ؐکی اس کائنات میں تشریف آوری کو ربِ رحمان نے مومنین پر احسان جتایا۔پس محبت ِ مصطفی ؐکا مل جانا ربِ کریم کی رضا اورخوشنودی مل جانے کی نشانی ہے۔حضور نبی کریمؐ کی ارفع و اعلیٰ اتباع و غلامی نے ہر دور کے مسلمانوں کو آپس میں متحد و متفق رکھا اور اْمت کو اتحاد ویگانگت عطا فرمائی۔اْمت مسلمہ اور وطنِ عزیز پاکستان آج بھی اپنا رْخ ہر طرف سے پھیر کر اپنے روحانی مرکز مدینہ منورہ کی جانب کر لے تو دین و دنیا کی یقینی کامیابی اس کا مقدر بن جائے گی۔دین متین اسلام سرا سر امن و سلامتی کا دین ہے جس کا پیغامِ امن و محبت صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ تمام انسانیت کیلئے ہے اور جو ایک انسان کے نا حق قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے اور ایک انسان کے بچانے کو پوری انسانیت کا بچانا قرار دیتا ہے اور وطنِ عزیز کی سلامتی، تحفظ و بقاء کے لئے ہم سب کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا، محفلِ میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، نعت خوانانِ عظام اور بڑی تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی،اختتام درودو سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا پر ہوا۔
 حسان حسیب الرحمن 

ای پیپر دی نیشن