اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ ) وزیر اعظم آفس نے امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن کانگریس ڈاکٹر آصف محمود سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے پاکستان کے سیاسی حالات سے متعلق حالیہ بیانات پر تشویش کا اظہار کردیا۔ ذرائع کے مطابق رکن کانگریس سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے ڈاکٹر آصف محمود کی جانب سے دیے گئے بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے، اس وقت اسے آپ جیسے دوستوں کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران امریکی رکن کانگریس ڈاکٹر آصف محمود کا کہنا تھا کہ میرا کام اور دوستی صرف پاکستان کے ساتھ ہے، پاکستان کی بہتری اور انسانی حقوق کیلئے کام جاری رکھوں گا۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپورنے بھی ڈاکٹر آصف سے رابطہ کرتے ہوئے بیانات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔