سیاسی مشاورت : پاکستان چین کا اقتصادی ، عوامی تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق 


اسلام آباد (خبرنگار) پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ سیاسی مشاورت (بی پی سی) کے تیسرے دور میں پاکستان اور چین نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور سیاسی اور سکیورٹی تعاون، دوطرفہ تجارت، اقتصادی اور مالیاتی تعاون، ثقافتی تبادلے، سیاحت اور عوام کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے اور مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ پاک چین دوطرفہ سیاسی مشاورت (بی پی سی( کا تیسرا دور بیجنگ میں منعقد ہوا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے اتوار کو ایک پریس ریلیز میں کہا کہ سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ چینی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ کر رہے تھے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کی ایک دہائی کی تکمیل کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں فریقوں نے سی پیک کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا جو دوطرفہ تعاون کا ایک اہم ستون اور پاکستان اور چین کے درمیان ہمیشہ گہری ہوتی دوستی کی علامت ہے۔ انہوں نے علاقائی روابط اور تعاون کو بڑھانے کے لیے تھرڈ پارٹیز میں شرکت سمیت سی پیک کی توسیع میں مصروف عمل رہنے پر بھی اتفاق کیا۔ سیکرٹری نے سیلاب کے دوران پاکستان کے معاشی استحکام اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے لیے چین کی جانب سے مسلسل اور فراخدلانہ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ چینی نائب وزیر خارجہ ویڈونگ نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اقتصادی سلامتی کے لیے چین کی حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور افغانستان سمیت اہم علاقائی پیش رفت پر قریبی تعاون اور مصروفیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ای پیپر دی نیشن