لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے پروگرام کی مانیٹرنگ کیلئے خود میدان میں آگئے۔ محسن نقوی نے گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن کے سکول میں مفت آٹے کی فراہمی کے لئے قائم سنٹر کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سنٹر میں مفت آٹا لینے آئے شہریوں کی تصدیق اورآٹے کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سنٹر میں موجود مرد و خواتین سے مفت آٹے کی فراہمی کے حوالے سے درپیش مسائل کے بارے میں پوچھا۔ شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے ڈپٹی کمشنر کو موقع پر ہی ہدایات دیں اور کہا کہ مفت آٹے کی فراہمی میں شہریوں کو درپیش مسائل فوری حل کئے جائیں۔ دریں اثنا محسن نقوی انجمن سلیمانیہ چلڈرن ہوم گئے۔ انہوں نے بے سہارا بچوں کے لئے چلڈرن ہوم میں سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ بچوں کے کمروں میں گئے اور تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں کے بارے میں پوچھا۔ محسن نقوی نے بچوں کا طبی معائنہ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹرز سے تمام بچوں کا طبی معائنہ کرایا جائے۔ وزیراعلی نے بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا ہر طرح سے خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
مفت آٹے کی فراہمی میں شہریوں کے مسائل فوری حل کئے جائیں، محسن نقوی
Mar 20, 2023