درختوں سے کروڑوں زندگیوں کا تحفظ اور صحتمند ماحول ملتا ہے، پروفیسر امجد سراج  

Mar 20, 2023


کراچی (کامرس رپورٹر )  جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں موسم بہار کا شجر کاری مہم سے خیر مقدم کیا گیا۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف فارماسوٹیکل سائنسز(آئی پی ایس) کی اسٹوڈنٹ ایڈوائزر اور شعبہ فارماسوٹیکل کیمسٹری کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر کرن رفیق کی سربراہی  میں  موسم بہار کا خیر مقدم کرنے کیلئے شجر کاری مہم اور کلچر ریپاسٹ (ثقافتی کھانوں) کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر آئی پی ایس کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ہماعلی اور ڈائریکٹر ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر ہما شریف  نے ائی پی ایس کی دیگر فیکلٹی کے ہمراہ گو گرین کے عنوان سے منعقدہ شجرکاری مہم  کے دوران جامعہ میں درجنوں پودے لگائے۔ وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن  نے اپنے پیغام میں شجرکاری مہم اور درختوں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ درختوں نے انسانی تاریخ میں اب تک کروڑوں زندگیوں کا تحفظ کیا ہے، درختوں کے بے شمار فوائد میں  سے ایک انسانوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے، صحت مند ماحول ملنے سے انسان کئی بیماریوں سے بچ سکتا ہے، ترقی یافتہ ممالک میں معیشت کیساتھ ساتھ شجر کاری پر بھی توجہ دی گئی جس سے وہاں کے قدرتی حسن  میں مزید اضافہ ہوا، وائس چانسلر نے عوام سے بھی درخت لگانے اور ماحول کو آلودگی سے بچانے میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ قبل ازیں آئی پی ایس کی فیکلٹی نے طلبا کی جانب سے لگائے گئے ثقافتی سرگرمیوں، کھانوں اور کھیلوں کے تمام اسٹالز کا دورہ کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔شجرکاری مہم اور ثقافتی تقریب کے منتظمین میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہین پروین اور ڈاکٹر فوزیہ اسرار، لیکچرار زیب کوثر بھی شامل تھیں۔ 
پروفیسر امجد سراج میمن 

مزیدخبریں