کراچی (اسٹاف رپورٹر )شعبہ اردو وفاقی اردو یونیورسٹی اور روسی مرکز برائے سائنس و ثقافت ( ایوان دوستی)کراچی کے اشتراک سے " روسی فکشن کے اردو ادب پر اثرات" کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔سیمینار کا انعقاد صدر شعبہ اردو وفاقی اردو یونیورسٹی ڈاکٹر یاسمین سلطانہ کے زیر صدارت کیا گیا۔اس موقع پر صدر شعبہ بین الاقوامی تعلقات ڈاکٹر اصغر دشتی ، ایڈمنسٹریٹر رشین کلچر سینٹر ضیاء الدین صدیقی ، ڈاکٹر نتالیہ ،شعبہ اردو کے اساتذہ ڈاکٹر ثمرینہ ، ڈاکٹر عرفان اللّٰہ ، شرمین انصاری اور طلباء بھی موجود تھے۔ تقریب کے آغاز میں ڈائریکٹر روسی مرکز برائے سائنس و ثقافت رسلان پروکوروف نے استقبالیہ کلمات میں شعبہ اردو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی باہمی اشتراک سے اس طرح کی تقاریب کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔ مہمان مقررہ معروف ادیبہ ، ناول نگار ، افسانہ نگار و کالم نگار محترمہ زاہدہ حنا نے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اردو افسانہ نگاروں کی بڑی تعداد روسی افسانہ نگاروں ٹالسٹائی، چیخوف، میکسم گورکی، دوستوفسکی سے متاثر ہوئی۔ تقریب کے اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین سلطانہ نے کہا کہ روسی فکشن کے اردو فکشن پر خاصے نمایاں اثرات ہیں بالکل اسی طرح جس طرح اردو شاعری پر فارسی کے اثرات ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ روسی فکشن اور روسی افسانہ نگار ادب برائے تبدیلی کے علمبردار رہے ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین
اردو فکشن پر روسی اور شاعری پر فارسی کے اثرات ہیں، ڈاکٹر یاسمین
Mar 20, 2023