صحت کی بنیادی سہولیات میں بہتری کیلئے وسائل بروئے کار لارہے ہیں ،جمال ناصر 


راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات میں بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیسک ہیلتھ یونٹ اور رولر ہیلتھ یونٹ میں شفافیت اور میرٹ اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر غریب کا بیٹا میرٹ پر پورا اترتا ہے تو سب سے پہلے اسے موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی اینڈ کالج کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹروقار حسن چیمہ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر،پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر جہانگیر سرور کے علاوہ ڈاکٹرز حضرات اور میڈیکل سٹوڈنٹس کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ 
صوبائی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ اسلام میں علم کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے انہوں نے کہا کہ باعمل علم اور ریسرچ پر محنت کئی سال کی عبادت سے افضل ہے اور علم والوں کی صحبت اختیار کرنا بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریبا ایک ارب سے زائد میڈیکل کا سامان کوٹ لکھپت جیل میں پڑا خراب ہو رہا تھا اور قیدی علاج معالجہ کے لیے خوار ہو رہے تھے وہ سامان ریلیز کرواکر جیلوں کے حوالے کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 300 الٹرا سانڈ مشینیں،200 ایمبولینس اور30ایکسرے مشینیں ہسپتالوں میں مہیا کر دی گئی ہیں جس سے علاج معالجہ میں میں مزید بہتری آ ئے گی۔ 

ای پیپر دی نیشن