اسلام آباد(خبرنگار)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاہے کہ وہ مزید تاخیر کئے بغیرجموں و کشمیرکے بارے میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے تاکہ تنازعہ کشمیر کو پائیدار بنیادوں پر حل کیاجاسکے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری شیخ عبدالمتین نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیاہے کہ ریاست جموں و کشمیرکے سیاسی مستقبل کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا لیکن سات دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزرجانے کے باوجود اس قرار پر عملدرآمد نہیں کیاگیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا جس سے بھارت کو کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو فوجی طاقت سے کچلنے کا حوصلہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 10لاکھ سے زائد فوجیوں کو تعینات کر کے کشمیر کو ایک بہت بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے اوراپنے فوجیوں کو کشمیریوں کو قتل کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔ حریت رہنمانے کہاکہ بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے میں انسانیت کو اپنے بوٹوں تلے روند رہے ہیں اور 1989سے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کی شہادت، ڈیڑھ لاکھ سے زائد عمارتوں کی تباہی اور 13ہزار سے زائد کشمیری خواتین کی بے حرمتی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت کس بہیمانہ طریقے سے کشمیریوں کو ختم کرنے اور ان کی سرزمین پر قبضہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی قیادت والی مودی حکومت نے5اگست 2019کے بعدنہتے کشمیریوں پر مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں
حریت کانفرنس