مکوآنہ ( این این آئی )آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن ریجنل ( اپپٹما )کے چیئرمین شیخ اصغر قادری نے کہاہے کہ وطن عزیز کی ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل ایکسپورٹ انڈسٹریز موجودہ انتہائی تشوشناک اقتصادی و معاشی حالات ‘ انتہائی ناسازگار ماحول کی وجہ سے پیداواری صلاحیت کھونے کے بعد اب تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے جبکہ وزیر اعظم ‘وزیر خزانہ اور ان کی اقتصادی ٹیم نے مشکل ترین وقت کا سامنا کرنے والے برآمدی صنعتوں کو بچانے کیلئے بار بار کی جانے والی ایس او ایس کالز پر اپنی آنکھیں اور کان بند کر رکھے ہوئے ہیں ۔انہوںنے اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تیزی سے انڈسٹریز کی تباہی کو بچانے کیلئے وزیراعظم کے پاس ایکسپورٹرز سے ملنے کا وقت نہیں اگر اسی طرح تشویشناک صورتحال برقرار رہی تو ملک کو شدید بدامنی ‘ افراتفری اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ پاکستان کی تاریخ میں گیس کی عدم دستیابی ‘ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کا فقدان ‘ ایل سی کھولنے پر پابندیوں کی وجہ سے صنعتی خام مال کی عدم دستیابی اور برآمدکنندگان کو ریفنڈز میں ضرورت سے زیادہ تاخیر حکومت کے کاروبار اور برآمد مخالف طرز عمل کی عکاسی کررہے ہیں حکومت سطح پر مسلسل عدم توجہی کی وجہ سے حالات ایکسپورٹرز کی دسترس سے باہر ہو چکے ہیں۔