میرپورخاص /نواب شاہ(بیورو رپورٹ )میر پور خاص اور نوابشاہ میںالخدمت فاؤنڈیشن کے تحت یتیم بچوںکیلئے ڈونر کانفرنس انعقاد کیا گیا ۔ نوابشاہ میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے مقامی ہال میں یتیم بچوں کی کفالت کے لیے ڈونیشن جمع کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں شہر اور ضلع کے دیگر علاقوں سے مخیر حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس تقریب میں ایک کروڑ 27 لاکھ روپے سے زائد کے اعلانات کیے گئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی رہنما بریگیڈیئر ریٹائرڈ عبدالجبار بٹ نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت 22 لاکھ بچے باپ کی شفقت سے محروم ہیں اور ہم آغوش اور آرفن کے ذریعے 20 ہزار یتیم بچوں کی کفالت تک پہنچ سکے ہیں۔ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سرور احمد قریشی نے کہا کہ لوگ پورے ملک میں الخدمت اور جماعت اسلامی پر اعتماد کرتے ہیں ہم بلا امتیاز لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کنور راشد مکرم نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم یتیموں سے محبت کرتے تھے اور انہوں نے ان سے شفقت کا حکم دیا ہے انہوں نے کہا کہ حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے جو تباہی ہوئی اس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے روز اول سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کی اب آخری مرحلے میں تعمیر وطن پروگرام کے تحت ان کو مکانات بنا کر دیئے جا رہے ہیں الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر محمد سلمان رؤف نے نواب شاہ کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ۔میرپورخاص سے بیورورپورٹ کے مطابق کفالت یتیم کے ذریعے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت اور جنت میں پڑوسی بننے کا اعزازحاصل جاسکتا ہے۔روز جزا کو جھٹلانے والے لوگ یتیموں کے ساتھ برا سلوک کرتے ہیں۔یتیم کے سر پر دست شفقت رکھنا اور ان کی خبر گیری کرنا اللہ تعالیٰ اور پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو انتہائی پسند ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن پورے پاکستان میں والد کے سائے سے محروم بیس ہزار یتیم بچوں کی کفالت کی ذمہ داری ادا کررہی ہے۔پاکستان میں اس وقت تقریباً بیالیس لاکھ بچے والد کے سائے سے محروم ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن کا عزم ہے کہ آئندہ چند سالوں میں اہل خیر کے تعاون سے کم از کم پاکستان کے ٹوٹل یتیم بچوں میں سے نصف بچوں کی کفالت انتظام کریں.ملک بھر میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت اٹھارہ آغوش سینٹروں میں ہزاروں یتیم بچے تعلیم،رہائش،کھانا،صحت کی مکمل سہولیات سے استفادہ کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈائیریکٹر نیشنل آرفن کیئر پروگرام الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ریٹائرڈ برگیڈیئر عبدالجبار بٹ نے جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص کے زیر کفالت دو سو اکسٹھ بچوں کیلئے حورین بینکوئیٹ میں منعقدہ سالانہ ڈونر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سالانہ ڈونر کانفرنس سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ میر نعیم تالپور، ڈائیریکٹر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ حزب اللہ میمن، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جنید مرزا، امیر جماعت اسلامی ضلع میرپورخاص حافظ سلمان خالد، معروف صنعت کار جابر مجید، تاجر راہنماء حاجی فقیر محمد میمن، معروف آئی اسپشلسٹ ڈاکٹرفاروق ابراہیم میمن،صدر الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص نادر خان نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ میر نعیم تالپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ملک بھر میں بلا امتیاز خدمات قابل تحسین ہیں۔چیریٹی ڈنر میں میں موجود عمائدین شہر اور مخیر حضرات یتیم بچوں کی کفالت کے لیے 99.37.000.روپے کے خطیر عطیات دینے کا اعلان کیا۔چیریٹی ڈنر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات نے خصوصی شرکت کی چیریٹی ڈنر میں خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر معزز مہمانان میں سندھ کا روایتی تحفہ اجرک اور پروگرام کی یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔
میر پور خاص اور نوابشاہ میںالخدمت فاؤنڈیشن کے تحت یتیم بچوںکیلئے ڈونر کانفرنس
Mar 20, 2023