کراچی (کامرس رپورٹر) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے پاکستانی حجاج کرام کے لئے انتظامات کرنے والے سعودی عرب کے وفد نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی اقتصادی تعلقات، ان کے فروغ کے لئے اقدامات، پاکستانی حجاج کرام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاک سعودی عرب تعلقات عوام کی سطح پر قائم ہیں، مقامات مقدسہ کے باعث پاکستانی عوام سعودی عرب کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ہر سال عمرہ زائرین کی بڑی تعداد کا تعلق پاکستان سے ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ شہر قائد ملک کا معاشی حب ہونے کے باعث نمایاں اہمیت کا حامل ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وفد کا پاکستان حجاج کرام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا عزم لائق تحسین ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ٹریول ایجنٹس کے ساتھ سعودی وفد کا قریبی رابطہ ضروری ہے۔ وفد کے اراکین نے کہا کہ پاکستانی حجاج کرام کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ وفد میں اوسامہ عبدل الطیف ایم ابو لولا، اوسامہ عبداللہ اے دانش، فرقان عبدالقادر اور دیگر بھی شامل تھے۔
گورنر وفد ملاقات