کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستانی سیلولر کمپنی، یوفون 4Gاورسماعت سے محروم افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے سماجی ادارے، کنیکٹ ہیئر (ConnectHear) نے سماعت سے محروم افراد کی سماجی و اقتصادی عمل میں شرکت کے فروغ اور بہتر رسائی کے لیے باہمی اشتراک قائم کرلیا ہے۔ گروپ ڈائریکٹر پی آر، میڈیا،سی ایس آر اور کارپوریٹ کمیونی کیشن، پی ٹی سی ایل و یوفون 4G ، عامر پاشا اور سی ٹی اوو شریک بانی ،کنیکٹ ہیئر، ا رحم اشتیاق نے اسلام آباد میں معاہدے پر دستخط کیے۔ یوفون 4G ایک سماجی طور پر ذمہ دار ادارہ ہے جو معاشرے میں سماجی و معاشی مواقع تک یکساں رسائی کے فروغ کے لیے ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنی مہارت کو بروئے کار لاتا ہے، جبکہ 2017 میں قائم ہونے والا ادارہ،کنیکٹ ہیئر سماعت سے محروم افراد کو سائن لینگویج یعنی اشاروں کی زبان میں آزادانہ رابطہ اور معلومات کی سہولت فراہم کرتا ہے۔کنیکٹ ہیئر کے ساتھ اشتراک کے تحت یوفون 4G سماعت سے محروم افراد کو کنیکٹ ہیئر کی ڈیجیٹل ایپ تک مفت ڈیٹا کی رسائی دے گا تاکہ ان افراد کو رابطے کے لیے اشاروں کی زبان کے مترجمین تک بروقت اور فاصلاتی رسائی دی جاسکے۔