جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں توسیع برامدات بڑھیں گی 

Mar 20, 2023


کراچی ( کامرس رپورٹر( یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے صدر زبیرطفیل،چیئرمین شہزاد علی ملک،سیکریٹری جنرل ظفر بختاوری،چیئرمین سندھ ریجن خالد تواب،سیکریٹری جنرل (سندھ) حنیف گوہر اورمرکزی ترجمان گلزارفیروز نے پاکستان کو جی ایس پی پلس اسٹیٹس کیلئے مزید دوسال کی توسیع ملنے کی یقین دہانی پروزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف اوروزیرتجارت سید نوید قمر سمیت وزارت تجارت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں دوسال کی توسیع ملنے سے ملکی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا،یورپی یونین پاکستان کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے، یورپی یونین پاکستانی اشیاءکے لیے سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے، کیونکہ اس کا حصہ پاکستانی برآمدات کا تقریباً ایک تہائی ہے۔یو بی جی رہنماﺅں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے پاکستان یورپی یونین سے جنرلائزڈ ترجیحی نظام (جی ایس پی) پلس اسٹیٹس میں دو سال کی توسیع کا مطالبہ کیا تھا جسے منظور کرلیا گیا ہے،پاکستان کی جی ایس پی پلس سے آئندہ برسوں میں بھی کوئی خطرہ نہیں ہے۔یو بی جی کے رہنماﺅں نے وفاقی وزیرتجارت نوید قمرکی جانب سے پاکستان کو یورپی یونین سے جی ایس پی پلس پروگرام میں دو سال کی توسیع ملنے اور یورپی یونین کے جی ایس پی پلس پروگرام کو ٹیکس فری کرنے کی کوشش کے اعلان کاخیرمقدم بھی کیا ہے۔یونائٹیڈ بزنس گروپ کے صدر زبیرطفیل نے کہا کہ جی ایس پی پلس پر پاکستان کے ریویو مثبت انداز میں دیکھا جارہا ہے اور یہ خوش آئندبات ہے کہ بہت سے یورپی ممالک جی ایس پی پلس کے پاکستان کے کیس پر عملدرآمدکے عمل کوٹیسٹ کیس کے طور پر پیش کررہے ہیں،پاکستان کی اس کامیابی کے نتیجے میں قوی امید ہے کہ پاکستان کی جانب سے آئندہ10سال کیلئے جی ایس پی پلس کی درخواسست منظور کرلی جائے گی۔زبیرطفیل نے کابینہ کی جانب سے بارٹر ٹریڈ فریم ورک منظور ی کا بھی خیرمقدم کیا اورکہاہے کہ وسط ایشیائی، افریقہ،افغانستان،ایران اور چین سے اشیاءکے بدلے اشیاءکی تجارت ہوسکے گی،بارٹر ٹریڈ فریم ورک تجارت کے لئے بھرپور انداز میں استعمال ہوسکے گا اور اس فریم ورک سے پاکستان کی اشیاءمذکورہ ممالک کو برآمد ہوسکیں گی۔سیکریٹری جنرل یو بی جی (سندھ) حنیف گوہر نے کہا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ پاکستان کی معیشت کے لیے بہت فائدہ مند ہے کیونکہ اس نے دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے،جی ایس پی پلس کے تحت یورپی یونین کے ساتھ تجارت پاکستان کے معاشی اور سماجی استحکام اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے فوائد قابل بھروسہ، یورپی یونین کے کاروباروں اور صارفین کو ٹیکسٹائل کی مسابقتی سپلائی اور ایک پائیدار، اخلاقی اور تیزی سے قابل شناخت ٹیکسٹائل ویلیو چین ہیں۔ مرکزی ترجمان گلزارفیروز نے کہا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی معیشت کی بہتری اور اقتصادی ایجنڈے کے فروغ کے لیے ایک تعمیری مصروفیت ہے،س اسکیم کا حکومت کے سماجی ایجنڈے کے ساتھ مثبت ہم آہنگی ہے ، پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس کے فوائد ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی سب سے بڑی مارکیٹ تک ٹیرف فری رسائی اور صنعت اور ملک میں مزید اصلاحات کو آگے بڑھانے کے لیے ایک ٹھوس پلیٹ فارم اور ترغیبی ڈھانچہ ہیں۔ 

مزیدخبریں