پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر نے کہا ہے کہ ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ رمضان المبارک کی برکتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے روزہ رکھے لیکن مٹھاس کی بیماری (ذیابیطس/شوگر)میں مبتلا افراد کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے ڈاکٹرسے ضرور مشورہ کر لیں اور روزہ رکھنے سے قبل اور بعد میں روزمرہ معمول کے مطابق ادویات کے استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال میڈیکل یونٹIII کے زیر اہتمام "رمضان اور ذیابیطس "کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر شاندانہ طارق، پروفیسر ڈاکٹر خورشید خان، ڈاکٹر ملیحہ حمید، ڈاکٹر فواد رندھاوا اور ڈاکٹر عظمیٰ ملک نے ذیابیطس کے مریضوں کی ماہ صیام میں ادویات، غذا اور ورزش سے متعلق تفصیلی روشنی ڈالی جبکہ سیمینار میں ڈاکٹرز،نرسز،پیرا میڈیکس، مریض اور لواحقین کی بھی کثیر تعداد موجود تھی۔
طبی ماہرین نے سیمنار میں موجود شرکاء کو مشورہ دیتے ہوئے بتایا کہ شوگر کے مریضوں کو چاہیے کہ وہ رمضان کے دوران تلی ہوئی اور مر غن غذاؤں سے مکمل طور پر پر ہیز کریں اور سحر و افطار میں زیادہ مقدار میں پانی اور دیگر مشروبات جن میں شوگر کی مقدار کم ہو ان کا استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ ایسی غذاؤں کے استعمال کو یقینی بنایا جائے جن میں پروٹین کی مقدار زیادہ ہو تاکہ روزے کے دوران مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑئے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ مریضوں کو رمضان میں روزہ رکھنے کے بارے میں خود فیصلہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے اس لیے مریض کو چاہیے کہ روزہ رکھنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کر یں۔انہوں نے کہا کہ روزہ ہر مسلمان پر فرض قرار دیا گیا ہے اس لیے تمام مسلمانوں پر ذمہ داری ہے کہ وہ روزے کو اپنا معمول بنائے، یہ نہ صرف ایک فرضی عمل ہے بلکہ روزہ رکھنے سے صحت کے حوالہ سے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں لیکن ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے اور بالخصوص کسی بھی مریض کو وہ تمام حفاظتی اقدامات ضرور اٹھانے چاہئیں جن سے یہ مقدس فریضہ بھی ادا ہو جائے اور اْن کی صحت کو خطرات بھی نہ لاحق ہوں۔