لاہور (نوائے وقت رپورٹ) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل کھاتوں (اکاؤنٹس) میں 42 مہینوں میں 7 ارب 47 کروڑ 80 لاکھ ڈالر جمع کرائے۔سٹیٹ بنک کے مطابق ستمبر 2020ء سے رواں سال فروری تک روشن ڈیجیٹل کھاتوں کی تعداد 6 لاکھ 68 ہزار 701 ہوگئی۔ فروری میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 8 ہزار 895 روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھلوائے۔ روشن ڈیجیٹل کھاتوں میں فروری میں 14 کروڑ 10 لاکھ ڈالر جمع کرائے گئے جب کہ 42 مہینوں میں روشن ڈیجیٹل کھاتوں میں 7 ارب 47 کروڑ 80 لاکھ ڈالر جمع کرائے گئے۔فروری تک روشن ڈیجیٹل کھاتوں میں جمع کرائی گئی رقم میں سے 4 ارب 66 کروڑ 70 لاکھ ڈالر مقامی طور پر استعمال کیے گئے ہیں جب کہ ایک ارب 55 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کھاتوں سے نکلوائے جا چکے ہیں۔ فروری تک روشن ڈیجیٹل کھاتوں میں جمع واجب الادا ڈیپازٹس ایک ارب 25 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہیں۔