عمران کو خیبر پی کے حکومت کے حوالہ کیا جائے: بیرسٹر سیف‘ بہترین سہولتیں میسر: عظمیٰ بخاری

پشاور‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مشیر اطلاعات خیبر پی کے نے کہا ہے کہ اگر پنجاب حکومت عمران خان کو سکیورٹی نہیں دے سکتی تو انہیں صوبائی حکومت کے حوالے کیا جائے۔ سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر عائد پابندیوں سے تمام قیدیوں کے لیے مشکلات پیدا کر دی گئیں ہیں۔ پنجاب حکومت اپنی نااہلی، نالائقی اور عمران خان کے خوف کی وجہ سے لوگوں کو تکلیف اور اذیت میں مبتلا نہ کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو خیبر پی کے حکومت کے حوالے کیا جائے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ مریم نواز پنجاب میں کام کی بجائے فوٹو شوٹ میں مصروف ہیں جبکہ خواجہ آصف میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اسمبلی میں فضول شوشہ چھوڑتے ہیں، پنجاب میں اپنی حکومت کی نااہلی، نالائقی چھپانے کے  لیے ڈرامہ بازی ہو رہی ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سمیت پنجاب کی جیلوں میں قید تمام قیدی مکمل محفوظ ہیں۔ بیرسٹر سیف کے بیان پر رد عمل میں کہا کہ اربوں روپے کے ڈاکے مارنے والے شخص کو جیل میں بہترین سکیورٹی اور کھانے کی سہولیات مل رہی ہیں۔ بیرسٹر سیف کو خیبر پی کے کے عوام کی فکر کرنی چاہئے۔ سر سے پاؤں تک کرپشن میں ڈوبے لوگوں کی گواہیاں ان کی جماعت کے اپنے لوگ دے رہے ہیں، مریم نواز کی کارکردگی کا اعتراف ان کے مخالفین بھی کر رہے ہیں، مریم نواز پنجاب میں خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں۔ مریم نواز تختیوں پر تختیاں نہیں لگا رہیں بلکہ عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں، مریم نواز پنجاب میں سوا تین کروڑ افراد کو باعزت طریقے سے رمضان پیکیج تقسیم کر رہی ہیں، فوٹو سیشن گنڈاپور سرکار کا مشغلہ ہے۔ تانگہ پارٹی نے 10 سال پہلے کے پی کو ایک ہزار ارب روپے کا مقروض کیا، اب مزید لوٹ مار کا نیا آرڈر مل چکا ہے۔ علاوہ ازیں عظمیٰ بخاری نے زین قریشی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ زین قریشی کو مریم نواز سے پوچھنے کی بجائے خود شرم سے ڈوب مرنا چاہیے۔ ملتان کے جس علاقے میں گیس سلنڈر دھماکہ ہوا یہ زین قریشی کا اپنا حلقہ ہے، بانی پی ٹی آئی کی طرح ان کی جماعت کے ہر شخص کا وطیرہ لاشوں پر سیاست کرنا ہے۔ ہمیں وہ وقت بھی یاد ہے جب ملتان سٹیڈیم میں سات افراد ہلاک ہو گئے تھے، شاہ محمود قریشی انتظامیہ کو کہہ رہے تھے لاشیں پیچھے ہٹائو، بانی پی ٹی آئی تقریر کر رہے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر انتظامیہ نے حالیہ واقعہ پر فوری ایکشن لیا اور متاثرین کی ہر ممکنہ مدد کی، پنجاب حکومت لواحقین کی بھرپور مدد کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن