لاہور‘ کوئٹہ‘ کراچی (خبر نگار + آئی این پی) پنجاب میں سینٹ کی12 خالی نشستوں کیلئے 14 امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل ہو گئی۔ صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور نے مختلف امیدواروں کو جانچ پڑتال کا وقت دے رکھا تھا۔ کاغذات کی جانچ پڑتال کے پہلے دن مسلم لیگ (ن) کے7 اور پی ٹی آئی کے5 امیدواروں کے کاغذات کی سکروٹنی ہوئی۔ مسلم لیگ (ن) کے پرویز رشید، ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، احد چیمہ، مصطفیٰ رمدے، انوشہ رحمان اور بشریٰ انجم بٹ کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی۔ پی ٹی آئی کے حامد خان، ڈاکٹر یاسمین راشد، ذلفی بخاری، اعجاز منہاس اور ولید اقبال کے کاغذات بھی چیک کیے گئے جب کہ مجلس وحدت المسلمین کے علامہ راجہ ناصر عباس اور پیپلز پارٹی کی فائزہ ملک بھی کاغذات کی سکروٹنی کیلئے آئیں۔ آج مزید14 امیدواروں کے کاغذات کی پڑتال ہوگی جن میں محسن نقوی، طلال چوہدری، ناصر محمود بٹ، عرفان احمد ڈاہا، صنم جاوید، طاہر خلیل سندھو، طارق جاوید اور دیگر شامل ہیں۔ بلوچستان میں 35 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی۔ ترجمان صوبائی الیکشن کمشن کے مطابق گزشتہ روز 19 جبکہ آج 16 امیدواروں کی جانچ پڑتال مکمل ہوگئی۔ 3 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال جاری ہے۔ بلوچستان سے سینٹ کی خالی 11 نشتوں کے لئے مجموعی طور پر 38 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ امیدواروں میں راحیلہ درانی، عمر گورگیج، اعجاز سنجرانی، انوارالحق کاکڑ، مولاناعبدالواسع، احمد خان، کہدہ بابر اور مولانا عطاء الرحمان شامل ہیں۔ ایمل ولی خان، جان محمد بلیدی، راحت جمالی، آغا شاہزیب درانی، امان اللہ کنرانی سمیت دیگر بھی سینٹ الیکشن کے لئے میدان میں ہیں۔ امیدواروں کی جانب سے 21 مارچ تک کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔ ایپلٹ ٹریبونل 25 مارچ تک اپیلوں پر فیصلے کریں گے۔ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست کی اشاعت 26 مارچ کو ہو گی۔ 27 مارچ تک امیدوار دستبردار ہوسکیں گے۔ پولنگ 2 اپریل صبح 9 سے شام 4 بجے تک بلوچستان اسمبلی ہال میں ہو گی۔ ریٹرننگ افسر نے ایم کیو ایم کے نجیب ہارون کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے۔ نجیب ہارون نے ٹیکنو کریٹ کی نشست پر کاغذات جمع کرائے تھے، کراچی میں ریٹرننگ افسر نے 34 امیدواروں کے کاغذات منظور کئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے 17 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔ ایم کیو ایم کے 8 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے۔ پی ٹی آئی کے 7 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے تھے، پی ٹی آئی کے وہاب بلوچ نے دو نشستوں سے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے تمام امیدواروں کے کاغذات منظور کر لئے گئے۔ فیصل واوڈا نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ اسلام آباد سے سینٹ کی ٹیکنوکریٹ نشست پر وفاقی وزیر اسحٰق ڈار کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔ ریٹرننگ افسر سعید گل نے اسحق ڈار کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کی۔ رانا محمود الحسن کے بھی منظور کر لئے گئے۔ سینٹ انتخابات میں کاغذات نامزدگی منظور ہونے اور مسترد کرنے کے فیصلوں کے خلاف پانچ الیکشن اپیلٹ ٹربیونلز بنا دئیے گئے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل سنگل رکنی الیکشن اپیلٹ ٹربیونل بنا دیا گیا۔