لاہور ؍ اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر پابندی وزارت داخلہ کی اجازت سے نہیں لگی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا آزادی اظہار رائے ہونا چاہیے لیکن کسی پر غلط الزام لگانے کی اجازت نہیں دے سکتے، یہاں فوج اور عدلیہ کے خلاف غلط مہم چلائی گئی ہے۔ سوشل میڈیا سے متعلق قوانین بننے چاہئیں، سوشل میڈیا کا غلط استعمال ہو رہا ہے، دنیا بھر میں سوشل میڈیا قوانین رائج ہیں، امریکا جیسے ملک میں بھی سوشل میڈیا پر پابندی لگ چکی ہے۔ دہشت گردوں کو نہیں چھوڑیں گے، پاکستان پر حملہ کرنے والوں کو ان کی زبان میں جواب دیا جائے گا، ملکی خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ جو پاکستان پر حملہ کرے گا اس کے ساتھ ویسا ہی سلوک ہوگا۔ وہ منگل کے روز صوبائی الیکشن کمیشن میں سینٹ الیکشن کے سلسلہ میں کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اللہ نے چاہا تو 2اپریل کو کامیابی ہوگی اور تمام سیاسی جماعتوںو دوستوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے نامزد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جو بھی غیر قانونی مقیم ہیں ان سب کو یہاں سے جانا پڑے گا، آپ ویزا لیں اور پھر واپس آئیں۔ ایف آئی اے میں اصلاحات لائیں گے، آپ ایف آئی اے میں مثبت تبدیلی دیکھیں گے۔ ملک میں دہشتگردی کی ایک لہر آئی ہوئی ہے، ہم ان شاء اللہ دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے۔ محسن نقوی نے کہاکہ جو سوشل میڈیا کو غلط اور منفی انداز میں استعمال کررہے ہیں ان کو دیکھنا پڑے گا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر آئے جہاں ان کے سینٹ کیلئے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کی گئی، ریٹرننگ آفیسر اعجاز انور چوہان نے کاغذات کی جانچ پڑتال کی۔
دہشت گردوں کو نہیں چھوڑیں گے، سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر امریکہ میں بھی پابندی لگی: محسن نقوی
Mar 20, 2024