ایک برس میں آئی ٹی سٹی کے دونوں ٹاور مکمل کئے جائیں: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرصدارت کے اجلاس میں سال 2023-24ء کے سالانہ بجٹ اور ضمنی بجٹ گرانٹ کی منظوری کی توثیق کی گئی۔ لاہور نالج پارک کو پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے سپرد کرنے کی منظوری دی گئی۔ پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی سٹی بنانے کے لئے اراضی سی بی ڈی کو منتقل کی جائے گی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کا پہلا آئی ٹی سٹی بنا رہے ہیں۔ گوگل، مائیکروسافٹ جیسے ٹیک جائنٹس نے آئی ٹی سٹی میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایک سال میں آئی ٹی سٹی کے دونوں ٹاورز مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نالج سٹی میں دنیا کے بڑے تعلیمی اداروں کو کیمپس بنانے کے لئے مدعو کیا جائے گا، جس میں فلم سٹی بھی ہو گا۔ پنجاب بنک کی طرف سے 20 ہزار الیکٹرک بائیک کی فراہمی کے پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ الیکٹرک بائیکس ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے ضروری ہے لیکن بیٹری چوری اور کم مائیلج کی وجہ سے فی الحال موزوں نہیں۔ الیکٹرک بائیک کے ساتھ پٹرول بائیک بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ طلباء پر بوجھ کم کرنے کیلئے ڈاؤن پیمنٹ کم کر کے 25 ہزار اور ماہانہ قسط بھی پانچ ہزار سے کم ہو گی۔ رواں سال مئی سے بائیکس کی تقسیم شروع کی جائے گی۔ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کو بائیکس دینے کیلئے الگ سکیم لائیں گے۔ اجلاس میں عدالت کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے اٹک جیل سے اڈیالہ جیل میں ٹرائل کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی میں توسیع کی اصولی منظوری دی۔ کونسل آف کامن انٹرسٹ سیکرٹریٹ میں صوبائی نمائندگی سے متعلق سی سی ای کی سب کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی کارروائی کی توسیع کی گئی۔ کابینہ نے مشترکہ مفادات کونسل سیکرٹریٹ میں حکومت پنجاب کے گریڈ 19کی آسامی کی منظوری دی۔ پنجاب ایئر ایمولینس پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بڑے لوگوں کے لئے سب سہولتیں ہیں، غریب آدمی کی زندگی بچانے کے لئے کچھ نہیں۔ اپنے لوگوں کو بروقت علاج کی ہر سہولت دینا چاہتے ہیں۔ دفاتر میں بیٹھ کر لگتا ہے کہ ایئر ایمبولینس کی ضرورت نہیں، مگر اس کی ضرورت ہے۔ ریسکیو 1122 کو ایمرجنسی میں ایئر ایمبولینس کیلئے 11 سو کالیں موصول ہوئیں۔ لاہور پی آئی سی ایمرجنسی میں ہارٹ اٹیک کے مریض دور دراز علاقوں سے 8 گھنٹے میں پہنچے۔ میں سمجھتی ہوں ایئر ایمبولینس کی ضرورت ہے۔ ایئر ایمبولینس پراجیکٹ کا ٹرائل بنیادوں پر آغاز کیا جائے گا۔ ہمیں غریب آدمی کی تکلیف محسوس نہیں ہوتی۔ کتنے دکھ کی بات ہے کہ سینیٹری ورکرز سیفٹی کٹ نہ ہونے کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ کابینہ نے پنجاب میں لاء افسروں کی تعداد66 کرنے کی اصولی منظوری دی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ مجھے ساڑھے 12 کروڑ عوام کو دیکھنا ہے صرف سیاسی فائدے کیلئے فیصلے نہیں کرنے۔ کسی کی سفارش کی ہے نہ کروں گی، کسی افسر کو لگانے کے لئے نہیں کہا۔ سرکاری ملازمت میں کرپشن، سیاسی وابستگی اور نا اہلی برداشت نہیں ہو گی۔ مریم نوازشریف نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا ماڈل میکنزم نافذ کرنے کی ڈیڈ لائن مقررکرتے ہوئے ماڈل میکنزم کا پلان طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کاشتکاروں پر صفائی ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کر دی۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے اجلاس میں صوبہ بھر میں صفائی کا نظام آؤٹ سورس کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ صوبے کے ہر ڈویژن میں 23مجوزہ لینڈ فل سائٹس کا پلان پیش کیا گیا۔ ساہیوال میں فنکشنل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ لیا گیا، دیگر شہروں میں نافذ کرنے پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر ڈویژن میں کچرے کی سیگریگیشن پلانٹ نصب کرنے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ عوام کو صفائی کی سہولت یقینی بنانے کیلئے لوکل کمیونٹی کمیٹی بنانے اور ساہیوال اور سرگودھا میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ صفائی کے نئے نظام سے سوا لاکھ تک نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ پنجاب بھر میں صفائی کا پائیدار اور موثر نظام لائیں گے اور ماڈل سروسز مہیا کی جائیں گی۔ ہر گلی، محلے اور دیہات کی صفائی کا پائیدار نظام نافذ کیا جائے گا۔ گاؤں اور دیہات کا دورہ کر کے خود صفائی کے نظام کے بارے میں جائزہ لوں گی۔ دیہات میں کمیونٹی کے اشتراک سے گلی، محلے کو صاف ستھرا بنائیں گے۔ لوکل کمیونٹی کو صفائی مہم کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کیلئے شامل کیا جائے۔ صفائی ہونے سے نہ صرف ماحول بہتر ہوگا بلکہ بیماریاں اور آلودگی بھی کم ہو گی۔ لاہور میں وزٹ کے دوران کئی گلیوں میں گندگی کی وجہ سے گزرنا مشکل تھا۔ مریم نواز شریف سے ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر نے ملاقات کی۔ ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی ایکسپورٹ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز اور ایرانی قونصل جنرل نے ثقافتی وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا اور اس ضمن میں فوری اقدامات کا اصولی فیصلہ کیا۔ خیر سگالی کے طور پر 20مارچ کو نوروز کی مناسبت سے بادشاہی مسجد میں چراغاں کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان یوتھ کلچر ایکسچینج پروگرام کے فروغ کا فیصلہ طے پایا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ایران کے ساتھ باہمی زرعی تجارت کو بڑھانا چاہتے ہیں۔ پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے ساتھ ثقافتی اور مذہبی طور پر جڑے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اورایران کے عوام کا تاریخی رشتہ صدیوں پر محیط ہے۔ پاکستان اور ایران کے تعلقات کو بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔ ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا پاک ایران تعلقات بڑھانے کا ویژن قابل تعریف ہے۔ مریم نواز شریف نے  صوبے میں پہلی مرتبہ رائیڈر سیفٹی کے لئے ’’پنجاب رائیڈر سیفٹی انیشی اٹیو‘‘ مہم کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سٹیج پر بیٹھنے کی بجائے رائیڈر بچوں اور بچیوں کے درمیان جا کر بیٹھ گئیں۔ مریم نواز شریف نے رائیڈرز کو سیفٹی کٹ تقسیم کیں۔ خوش نصیب رائیڈرز کو الیکٹرک بائیکس دینے کے لئے قرعہ اندازی بھی کی۔ مریم نواز شریف نے نوجوان رائیڈرز کو محنت سے کام کرنے اور بائیک تیز نہ چلانے کی تلقین کی۔ خواتین رائیڈرز نے مریم نواز شریف کے ساتھ سیلفیاں لیں اور مصافحہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ لیبر قوانین میں ترمیم لا رہے ہیں، ملازمین کی صحت اور حفاظت کی پروا نہ کرنے والی کمپنی کو جرمانہ ہو گا۔ سخت موسم اور پیچیدہ راستوں سے گزر کر صارفین کو خدمات فراہم کرنے والے رائیڈر قابل تحسین ہیں۔ ڈیوٹی کے دوران رائیڈرز کا تحفظ یقینی بنانا حکومت اور اداروں کی ذمہ داری ہے۔ رائیڈر کمپنیوں کے رائیڈر کمیونٹی کی حفاظت کیلئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں جب خواتین رائیڈرز کو سڑکوں پر دیکھتی ہوں تو خوشی بھی ہوتی ہے اور ان کی سلامتی کی فکر بھی لاحق ہوتی ہے۔ کمپنیاں اپنے ملازمین کی حفاظت کا خیال کریں، حکومت سختی کرے گی تو نا مناسب بات ہو گی۔ رائیڈرز کو اپنا خیال بھی رکھنا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے تلہ گنگ میں کیپٹن احمد بدر شہید اورراولپنڈی میں لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہیدکی رہائشگاہوں پر جاکر شہداء کے والدین اور اہل خانہ سے ملاقاتیں کیں اور تعزیت کی۔ مریم نواز شریف نے جرات و بہادری سے دفاع وطن کا فرض نبھاتے ہوئے شہادت کے بلند مرتبے پر فائز ہونے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ شہداء کے حوصلہ مند، صابر اور صاحب ایمان والدین اور اہل خانہ کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ کیپٹن احمد بدر شہید کے والد کی گفتگو نے پوری قوم کا حوصلہ اور ایمان تازہ کر دیا ہے۔ سلام ہے ان ماؤں کو جن کے شیر قوم کے سر کی چادر کے تحفظ کے لئے اپنا قیمتی لہو بہاتے ہیں۔ ہمارے صبر کا امتحان لینے والوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔  بعدازاں وزیراعلی مریم نواز شریف چکلالہ بیس، راولپنڈی میں لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کے گھر پہنچ گئیں۔ شہید کے والدین اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔ مریم نوازشریف نے کہاکہ آپ کے بہادر بیٹے نے آپ کا ہی نہیں پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...