کویتی سفیر کی ملاقات، تاریخی، گہرے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں: وزیراعظم

Mar 20, 2024

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کویت کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان 10 ارب ڈالر مالیت کے 7 معاہدوں پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے فریقین کی ٹھوس کوششوں پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسر المطیری نے ملاقات کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تاریخی اور گہرے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سمیت کویتی قیادت کا ان کے دوبارہ انتخاب پر نیک تمناؤں اور مبارکباد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے امیر کویت کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ وزیر اعظم نے اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نومبر 2023 میں دونوں ممالک کے درمیان 10 ارب ڈالر مالیت کے سات معاہدوں پر دستخط کئے گئے جن میں غذائی تحفظ، ٹیکنالوجی، ہائیڈل پاور، کان کنی اور معدنیات، پانی کی فراہمی اور مینگروو کی بحالی سمیت متنوع شعبوں سے متعلق ہے۔ اس تناظر میں انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے کردار پر زور دیا جو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ایک مضبوط اور موثر طریقہ کار فراہم کرتی ہے۔ کویتی سفیر نے مشکل وقت میں کویت کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ سفیر نے 91۔1990   کے بحران کے دوران کویت کی آزادی اور خودمختاری کے لئے بھرپور عوامی حمایت پر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کورونا وبائی امراض کے دوران کویت کے ساتھ پاکستان کی حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔ سفیر نے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کرنے کے لئے کویت کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے میں ا ن کے کردار کی تعریف کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جیولن تھرو اتھلیٹ ارشد ندیم کیلئے 25 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کرتے ہوئے عالمی سطح پر ان کی  بہترین کارکردگی کو سراہا  ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جیولن تھرو اتھلیٹ ارشد ندیم نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے  ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ 2023 میں چاندی کا تمغہ جیتنے اور ملک کا نام روشن کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی مستقبل میں کامیابیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزہ فاطمہ خواجہ بھی موجود تھیں۔ جیولن تھرو اتھلیٹ ارشد ندیم کو خصوصی طور پر وزیراعظم ہائوس میں مدعو کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپ کی کامیابی کیلئے پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، ہمیں آپ پر فخر ہے، آپ نے مزید آگے بڑھنا ہے، آپ کی کامیابیوں میں آپ کی ذاتی محنت، والدین کی دعائوں اور ٹرینرز کا بھی کردار ہے۔ ارشد ندیم نے وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ارشد ندیم کے ویزہ کے جلد اجرا کو یقینی بنایا جائے۔ ارشد ندیم نے وزیراعظم کو بتایا کہ اولمپکس سے پہلے ایک دو ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے وزیراعظم کو بتایا کہ اولمپکس میں ارشد ندیم کا ایونٹ رات کے وقت تھا اور پوری قوم نے ان کا ایونٹ دیکھا اور پوری قوم ان کیلئے دعا کر رہی تھی۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف  نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے پیداہونے والی صورتحال سے نمٹنے  اور لوگوں کے ریسکیو و مدد کیلئے جامع لائحہ عمل ضروری ہے،امداد کو شفاف انداز سے لوگوں تک پہنچایا جائے،حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کو کسی قیمت اکیلا نہیں چھوڑ سکتا،متاثرین کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنی زیر صدارت اجلاس میں  گفتگوکرتے ہوئے کیا۔  اجلاس میں  وفاقی وزیر اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ احد خان چیمہ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر  منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات  احسن اقبال نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں  وزیر اعظم کو این ڈی ایم اے کی جانب سے حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی مدد، قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع اور ریسکیو و امداد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں  وزیراعظم نے  حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی امداد جلد اور شفاف انداز میں مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے  این ڈی ایم اے کو صوبوں کے ساتھ مل کر جوائنٹ سروے جلد مکمل کرنے کی  بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم  نے ہدایت کی  کہ  این ڈی ایم اے کو قدرتی آفات کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ آئندہ تعاون مزید بڑھائے ۔ وزیر اعظم نے  اپنے گزشتہ دورِ حکومت میں این ڈی ایم اے کو اپنی تکنیکی استعداد بڑھانے کے حوالے دی گئی ہدایات پر عملدرآمد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ  حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کو حکومتی امداد کی فراہمی جلد مکمل کی جائے، امداد کو شفاف انداز سے لوگوں تک پہنچایا جائے۔ اجلاس کو رواں برس اپریل تا جون اور جولائی تا ستمبر کی موسمی پیش گوئی اور این ڈی ایم اے کی اس حوالے سے تیاری کے بارے بھی آگاہ کیا گیا۔  وزیر اعظم کو این ڈی ایم کی جانب سے غزہ کے متاثرین کی امداد کے حوالے سے بتایا گیا کہ اکتوبر سے اب تک غزہ کے متاثرین کیلئے 320 ٹن امدادی سامان بھیجا جا چکا ہے۔ وز یر اعظم نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے این ڈی ایم اے کو صوبوں سے تعاون کی ہدایت کی۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی کارکردگی کو بھرپور انداز سے اجاگر کرنے اور اپوزیشن کی تنقید کا میڈیا و سوشل میڈیا پر بھرپور دفاع کرنے کے لیے ترجمانوں کی ٹیم میں اضافے کا فیصلہ جبکہ سوشل میڈیا کیلئے جامع حکمت کی منظوری دے دی۔ سوشل میڈیا پر ترجمانوں کی ٹیم میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اجلاس میں میڈیا کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی اور ترجمانوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز بھی پیش کی۔ اجلاس میں میڈیا کے محاذ پر چیلنجز، اپوزیشن کے بیانیے کا جواب دینے کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ جوابی بیانیے، بروقت ردعمل اور میڈیا حکمت عملی کے حوالے سے موثر تیاری کی تجاویز پر مشاورت کی گئی۔اجلاس میں  ریاستی، قومی اور عوامی مفادات کے فروغ، دفاع پر بیانیے کی حکمت عملی مرتب کی گئی۔اجلاس میں شہدائے وطن سے متعلق ایک جماعت سے وابستہ عناصرکی منفی مہم کی مذمت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا قومی وقار اور مفادات کے منافی شرانگیز مہم کا بھرپور جواب دیا جائے اور سوشل میڈیا، ذرائع ابلاغ کے تمام پلیٹ فارم پرمؤثر، جامع اور بروقت ردعمل دیاجائے۔

مزیدخبریں