لاہور(کامرس رپورٹر ) ویتنام اور پاکستان کو ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔ پاکستان ویتنام کے یورپی یونین، امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا اور دیگر ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹس جبکہ ویتنام پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس سے فائدہ اٹھاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ویتنام کے سفیر فونگ ٹائن نگوین نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور سے ملاقات میں کیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی اراکین میاں عتیق الرحمن، راجا حسن اختر اور حکیم محمد عثمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔سفیر نے کہا کہ پاکستان ایک بڑا ملک ہے ، مواقع سے فائدہ اٹھاکرویتنام اور پاکستان کے درمیان تجارت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔