لاہور ( لیڈی رپورٹر) چیئرمین پنجاب ہائیرایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے لیے خواتین کی شرکت ناگزیز ہے۔ قلم اور تلوار کی طاقت کے ساتھ ساتھ خواتین کی طاقت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا‘ پاکستان کی بارہ کروڑ نفوس پر مشتمل خواتین آبادی کو پاکستان کی ترقی کے مرکزی دہارے میں شامل کرنا ہوگا۔ ہوم اکنامکس یونیورسٹی کے شعبہ سوشیالوجی کے تحت تین روزہ عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صنفی مساوات اور خواتین کی معاشی خو د مختاری کے اہداف حاصل کر کے پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کیا جاسکتا ہے۔ پروفیسر شاہد منیر نے کہا کہ مقامی حکومتوں میں خواتین کا کوٹہ مقرر ہوا ہے، لبیر قوانین لاگو ہوئے ہیں‘ خواتین کے تحفظ کے لیے ہراسمنٹ قوانین لاگو کیے ہیں۔ کانفرنس میں وائس چانسلر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی، سابق وائس چانسلر ڈاکٹر کنول امین، ایران کے کلچرل اتاشی روناس جعفر، قونصل جنرل سری لنکا یاسین جوئیہ، کانفرنس میں وائس چانسلر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی، تجزیہ نگار سلمان عابد، سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ سمیرا صمد، کنگز کالج لندن سے پروفیسر حمیرا اقتدار سمیت طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس میں امریکا، برطانیہ، کینیڈا، جرمنی ، ایران اور پاکستان سے ماہرین تعلیم 90 سے زائد تحقیقی مقالہ جات پڑھیں گے۔ سیکرٹری محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ سمیرا صمد نے کہا کہ صوبے کی اٹھارہ یونیورسٹیوں میں ویمن ڈویلپمنٹ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جس کے تحت خواتین کی ترقی کے لیے آگاہی مہم اور تربیتی پروگرامز کا انعقاد ہو رہا ہے۔