لا ہور؍ فیصل آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) ملک بھر میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ لیسکو اور فیسکو میں مزید 444 افراد پکڑے گئے ہیں۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 410ا فراد بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ 228کے خلاف مقدمات درج کرا دئیے گئے، پکڑے جانے والے کنکشنز میں 12 کمرشل، 4زرعی اور 394ڈومیسٹک تھے جنہیں منقطع کرکے ان کو 3لاکھ14 ہزار 722یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی مالیت 83لاکھ39 ہزار 657روپے بنتی ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل لاہور کی بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے دوران کاہنہ میں فیکٹری مالک بجلی چوری کرتا پکڑا گیا۔ حکام کے مطابق بجلی چوری سے خزانے کو بھاری نقصان پہنچا، فیکٹری مالک کی گرفتاری نہ ہو سکی۔ فیسکو ٹیموں نے 34بجلی چوروں کو دھر لیا جن کو 72ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 25لاکھ 49 ہزار سے زائد کے جرمانوں کے بل جاری کئے گئے ہیں۔ فیسکو ریجن میں 192روز سے جاری بجلی چوری مہم کے دوران کل 6796بجلی چوروں کو مجموعی طور پر ایک کروڑ 61لاکھ سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس پر مشتمل 72کروڑ 48لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ فیسکو ٹیموں اور پولیس فورس کے مشترکہ آپریشن کے دوران 5529بجلی چوروں کو گرفتار جبکہ 6695کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی کرایا گیا۔ بجلی چوری میں 6397گھریلو صارفین، 204کمرشل، 176 زرعی اور 19انڈسٹریل صارفین ملوث پائے گئے۔