اسلام آباد( نوائے وقت رپو رٹ ) ڈنمارک کے سفیر جیکوب لنلف نے کہا ہے کہ پاکستان میں 2022 کے ہولناک سیلاب سے تین کروڑ30 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے، نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی(این ڈے ایم اے)، یورپی سول پروٹیکشن اینڈ ہیومینٹیرین ایڈ آپریشنز (ایکو)، اطالوی غیر سرکاری تنظیم سیسوی سمیت دیگر اداروں نے سیلاب کے بعد متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے بہترین کام کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں انسانی ہمدردی کی تنظیموں، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں، بین الاقوامی عطیہ دہندگان اور قومی و صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈنمارک کے سفیر نے کہا کہ سیلاب کے بعد میں نے سندھ کا دورہ کیا اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاری کا ازخود مشاہدہ کیا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے امدادی اداروں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈنمارک نے یورپی یونین کے ساتھ ملکر متاثرین کی امداد اور بحالی کے کاموں میں معاونت کی ہے۔ جیکوب لنلف نے کہا کہ ڈنمارک کے موسمیاتی تبدیلی کے وزیر نے گزشتہ سال پاکستان کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ ہم متاثرین کی امداد کے لئے آئندہ بھی پر عزم رہیں گے۔ تقریب کا مقصد 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ تقریب کا اہتمام اطالوی این جی او سیسوی نے کیا تھا۔ تقریب میں یورپی سول پروٹیکشن اینڈ ہیومینٹیرین ایڈ آپریشنز (ایکو)کے نمائندوں، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ادریس مسحود، سندھ کے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے امداد حسین صدیقی، اقوام متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کی پاکستان میں نمائندہ فلورنس رولے، آغا خان ایجنسی فار ہبیٹیٹ کی سی ای او نصرت نسب، پاکستان میں اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور (او سی ایچ اے) کے سربراہ کارلوس گیہا اور دیگر شخصیات نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
2022 کے سیلاب سے تین کروڑ30 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے،ڈنمارک سفیر
Mar 20, 2024