فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) بھتہ خوروں نے دن دہاڑے تاجر کو گولیاں مار دیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈجکوٹ میں بھتہ خوروں نے بھتہ دینے سے انکار کرنے پر دن دہاڑے فائرنگ کر کے دکاندار میاں ندیم اسلم کو شدید زخمی کر دیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔ متاثرہ تاجر کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ عاصم ٹاؤن میں ڈاکٹر عادل نامی بھتہ خور نے عزیزالرحمٰن کو فون کر کے کہا کہ وہ فوری طور پر دس لاکھ روپے بھتہ لے کر شریف چوک میں پہنچے ورنہ اس کے بیوی بچوں کو قتل کر دیا جائے گا۔ تھانہ صدر کے علاقہ خانوآنہ میں جاوید نامی بھتہ خور نے تاجر اصغر علی کو فون کر کے کہا کہ وہ پانچ لاکھ روپے بھتہ دے ورنہ اس کے خاندان کو ختم کر دیا جائے گا۔ پولیس نے مقدمات درج کر لئے، دوسری جانب تاجر برادری اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
فیصل آباد: بھتہ خور متحرک، ایک دکاندار کو گولی مار دی، دو کو قتل کی دھمکیاں
Mar 20, 2024