سوات آپریشن میں جاں بحق ہونیوالے میجر عابد کا جسدخاکی لاہور پہنچ گیا

May 20, 2009

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (نامہ نگار) سوات کے علاقہ مٹہ میں عسکریت پسندوں کیخلاف آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے میجر عابد کا جسدخاکی گذشتہ رات ان کے گھر کیولری گرائونڈ قاسم پورہ پہنچا دیا گیا جنہیں آج بدھ صبح دس بجے نمازجنازہ کے بعد ان کے گھر کے قریب شہیدوں کا قبرستان کیولری گرائونڈ سپردخاک کیا جائے گا۔ میجر عابد اور ان کے بڑے بھائی میجر خالد 1950پنجاب رجمنٹ یونٹ میں شامل تھے اور دونوں بھائی سوات کے علاقہ میں جاری آپریشن میں مٹہ میں تعینات تھے۔ گذشتہ روز نذر آباد چیک پوسٹ پر عسکریت پسندوں کے حملے میں میجر عابد شدید زخمی ہو گئے طبی امداد کے لئے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گئے حملے میں ان کے بھائی میجر خالد بھی زخمی ہوئے اور وہ ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ میجر عابد کی عمر 36برس تھی اور وہ 5بھائی بہنوں میں دوسرے نمبر پر تھے۔ میجر عابد نے 14سال قبل فوج میں شمولیت حاصل کی۔ وہ دو بچوں ایک بیٹا‘ ایک بیٹی کے باپ تھے۔ میجر عابد شہید کے والد مرحوم عبدالمجید ملک فوج سے ریٹائرڈ کرنل تھے ان کے دادا بھی فوج میں صوبیدار تھے۔ میجر عابد کے چچا عبدالحمید نے بتایا کہ میجر عابد گھر سے چار روز قبل سوات گیا تھا ہمیں خوشی ہے کہ اسے شہادت کا رتبہ حاصل ہوا۔میجر عابد کی اہلیہ مسز عشرت عابد نے کہا کہ اللہ نے مجھے اور میرے بچوں کو عزت دی‘ ہمارا سر فخر سے بلند ہے‘ وہ بہت ملنسار تھے جب ان کی شہادت کی اطلاع ملی تو مجھے یقین نہیں آیا۔
میجر عابد جسد خاکی
مزیدخبریں