عبدالحفیظ شیخ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی ٹیکنوکریٹ کی نشست پر سندھ سے سینیٹر منتخب ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ان کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد درست قرار دے دیئے۔ اس سے پہلے کراچی میں صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اس بار بجٹ عوام دوست ہوگا اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ عبدالحفیظ شیخ کو ٹکٹ اتحادی جماعتوں کی مشاورت اور صوبہ سندھ کیلئے ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضے کی قسط جاری کرانا ان کا ہی کارنامہ ہے۔